تلنگانہ

تلنگانہ سکریٹریٹ کومعماردستورسے معنون کرناڈاکٹرامبیڈکرکوحقیقی خراج

مرکزپارلیمنٹ کودلت سپوت سے موسوم کرکے دکھائے۔کے کویتا کاچیلنج

 

حیدرآباد:۔ ٹی آر ایس رکن قانون ساز کونسل کلواکنٹلہ کویتا نے تلنگانہ سکریٹریٹ کومعماردستور ڈاکٹر بی آر امبیڈکر سے معنون کرنے پر مسرت کا اظہار کیا اور اسے ایک تاریخی فیصلہ قرار دیا۔ انہوں نے اس موقع پرکہا کہ سی ایم کے سی آر نے ایک بار پھر فخر کے ساتھ دستور تحریر کرنے والے امبیڈکر کے تئیں اپنے احترام کا اظہار کیا۔

 

انہوں نے مطالبہ کیا کہ بی جے پی حکومت پارلیمنٹ کی عمارت کو امبیڈکر کے نام پر رکھ کر اپنی اخلاص ثابت کرے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ امبیڈکر کے آئین ہند میں آرٹیکل 3 کی شمولیت نے علیحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کو ممکن بنایا، انہوں نے کہا کہ امبیڈکر کے انتظامی کمپلیکس سکریٹریٹ کا نام رکھنے کے فیصلے پر تلنگانہ کو فخر ہے، جو تمام شعبوں میں ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔

 

ٹی آر ایس قائد نے واضح کیا کہ سی ایم کے سی آر کا یہ فیصلہ ہندوستان کے لیے مثالی ہے۔کویتانے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت جو امبیڈکر کے جذبہ کے تحت تمام طبقات کی ترقی کے لئے کام کررہی ہے، نے ایک اور تاریخی فیصلہ لیا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بی جے پی کی قیادت والی مرکزی حکومت کو وزیراعلیٰ کے سی آر کی طرف سے دہلی میں نو تعمیر شدہ پارلیمنٹ کی عمارت کا نام امبیڈکر کے نام سے موسوم کرنے اور تلنگانہ اسمبلی کی طرف سے بھیجی گئی قرارداد کو قبول کرنا چاہئے۔

 

ٹی آر ایس قائد نے اظہارِ خیال کیا کہ پارلیمنٹ کی عمارت کا نام امبیڈکر کے نام پر رکھنے سے عالمی سطح پر ہندوستان کا وقار بڑھے گا۔ چنانچہ بی جے پی کو چیلنج دیا گیا کہ وہ پارلیمنٹ کی عمارت کا نام امبیڈکر کے نام سے موسوم کرکے آئین کے تئیں اپنی اخلاص کا ثبوت پیش کرے۔ کلوا کنٹلہ کویتا نے مشورہ دیا کہ تلنگانہ بی جے پی قائدین کو بھی اس سمت میں مرکزی حکومت پر دباؤ ڈالنا چاہئے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button