جنرل نیوز

کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی کی تحریک صلوٰۃ کے پوسٹر کی عالمی شہرت یافتہ مفکر اسلام علامہ محمد سلمان ازہری مدظلہٗ کے ہاتھوں رسم اجراء 

نماز نبی پاک ﷺ کی آنکھوں کی ٹھنڈک ، مومن کی معراج، نماز ترک کرنے والے عذابات کے حقدار

حیدرآباد۔18/سپٹمبر (راست)نبی پاک ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ نماز میری آنکھوں کی ٹھنڈک ہے ، نماز دین کا ستون ہے ، نماز مومن کی معراج ہے ، نماز جنت کی کنجی ہے ۔ الحمد للہ اُمت ِ محمدیہ تمام امتوں میں خوش قسمت اُمت ہے کہ رب تعالیٰ نے معراج النبی ﷺکے موقع پر اُمت محمدیہ ﷺ کو ایک خاص تحفہ عنایت فرمایا جو کہ ’’نماز ٗ ٗ ہے ۔ اور نماز پڑھنے کی فضیلت جہاں قرآن و احادیث سے ثابت ہے وہیں اس کے ترک کرنے پر سخت عذابات کی وعیدیں بھی ہیں

 

۔ دین اسلام نے انسانیت کی فلاح و کامرانی کیلئے تمام قوانین کو واضح انداز میں نافذ فرمایا تاکہ انسانیت جہالت کے اندھیروں سے نکل کر دین اسلام کے روشن قانون میں پاکیزہ طور پر اپنی زندگی کو گزار سکے ۔ اسلام نے جہاں پر اُمت مسلمہ کی بھلائی کیلئے قانون اسلام شریعت محمدیﷺکا نفاذ عمل میں لایا وہیں رب تعالیٰ کی بارگاہ میں حاضری کے طریقے بھی بتائے جس سے ایک بندہ اپنے رب کے قریب ہوسکتا ہے ۔ جہاں کئی عبادات و اذکار بتائے گئے وہیں نماز کو اولین ترجیح دی گئی ۔ روزِ حشر اولین پوچھ نماز کی ہوگی ۔

 

قرآن پاک میں رب تعالیٰ نے بندوں سے خصوصی کلام کرتے ہوئے فرمایا کہ جب تمہیں کوئی پریشانی کوئی مسئلہ کوئی تکلیف آپہنچے تو نماز اور صبر سے مدد لیا کرو ۔ یہ بات قابل غور ہے کہ رب تعالیٰ خود اپنے بندہ کی ہر طرح سے بھلائی چاہتے ہیں اور اسے اپنا قرب عطا کرنا چاہتے ہیں ۔ اسی لئے رب تعالیٰ نے فرمایا کہ نماز اورصبر سے مدد لیا کرو ۔ ان خیالات کا اظہار کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی کا خصوصی اجلاس بضمن تحریک صلوٰۃ منعقدہ 17/ سپٹمبر 2023 ء بروز اتوار بعد نمازِ مغرب بمقام خلوت مبارک ، حیدرآباد کے موقع پر پوسٹر کی رسم اجراء کرتے ہوئے عالمی شہرت یافتہ اسلامک اسکالر ،مفکر اسلام حضرت العلامہ مفتی سلمان ازہری حفظہ‘ اللہ (فاضل جامعہ ازہر) نے کیا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ عصر حاضر میں جہاں مسلم معاشرہ نماز سے دور ہوتا جارہا ہے

 

نہایت افسوسناک ہے ۔ آج سارے عالم میں مسلمانوں کے حالات ہمارے سامنے ہیں ، دوسری قومیں جس طرح ہم پر ٹوٹ پڑی ہیں اس سے ثابت ہوتا ہے کہ ہم دین سے دور ہوتے جارہے ہیں ۔ انہوں نے کمیٹی کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی ہندوستان بھر میں اپنے عظیم تحریکات اور دین اسلام کی ترویج و اشاعت کی خدمات میں نمایاں مقام رکھتی ہے اور اس طرح کی تحریکیں نہ صرف ہندوستان کے مسلمانوں کے کیلئے بلکہ دیگر ممالک کے برادرانِ اسلام کیلئے بھی ایک عملی نمونہ ثابت ہوگی۔ نماز کے متعلق اُمت مسلمہ میں شعور بیداری اور مساجد کو آباد کرنے کی کمیٹی کی مہم قابل مبارکباد ہے ۔کمیٹی کے جملہ اراکین کو میں مبارکباد پیش کرتا ہوںاور دعا گو ہوں کہ رب تعالیٰ اپنے حبیب پاکﷺ کے صدقے و طفیل میں کمیٹی کو کامیابی و کامرانی عطا فرماے اور کمیٹی کا جو مقصد ہے کہ ہر گھر میں نماز ہو اور ہر گھر سے نمازی نکلیں اور مساجد بندگانِ خدا کے سجدوں سے آباد ہوںکامیاب و کامران ہوں

۔ اس موقع پر نائب صدر مولانا ڈاکٹر محمد عبدالنعیم قادری نظامی نے کہا کہ کل ہند مرکزی رحمت عالم اپنے اصلاحی و تبلیغی مشن اور اپنی کئی تحریکات کے ذریعہ جاری رکھے ہوئے جس میں ’’ تحریک ِ صلوٰۃ ‘‘ کے ساتھ تحریک حجاب بھی شامل ہے ۔ الحمد للہ تحریک صلوٰۃ کے بہتر نتائج ہمارے سامنے ہیں ۔ آج شہر کی مساجد کا جو حال ہے وہ ہر کس و ناکس سے چھپا ہوا نہیں ہے ، نماز فجر میں تو مصلیوں کی تعداد نہ کے برابر ہے کمیٹی کا مقصد مساجد کوبندگانِ خدا کے سجدوں سے آباد کیا جائے تاکہ مسلمان دنیا و آخرت سرخرو ہوجائیں ۔

الحمد اللہ کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی وفد کی شکل میں کئی علاقوں کی مساجد میں نمازِ فجر ، عصر ،مغرب اورعشاء میں نمازوں کی ادائیگی کے ساتھ جائزہ لے رہی ہے جن میں قابل ذکر تاریخی مکہ مسجد چارمینار ، جامع مسجد چوک ، مسجد سیدنا عمر فاروق ؓ چندرائن گٹہ ، جامع مسجد عثمانیہ صرفخاص پلٹن ملک پیٹ ، جامع مسجد صحیفہ اعظم پورہ ، مسجد حج ہاؤز نامپلی و دیگر مساجد شامل ہیں ۔ محمد شاہد اقبال قادری (صدر کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی) نے کہا کہ الحمد للہ کمیٹی کی تحریک صلوٰۃکے کامیاب نتائج سامنے ہیں ، کئی مساجد جہاں مصلیوں کی تعداد نہ کی برابر ہوتی تھی آج آدھی سے زائد مسجد مصلیوں سے بھری نظر آرہی ہے جو قابل تحسین ہے ۔

نوجوانوں کو نمازوں کا پابند بنانے اور ترکِ نماز کے عذابات کے متعلق خصوصی بیانات اور پیغامات کے ذریعہ مسلسل ان کی اصلاح کی جارہی ہے کمیٹی مسلسل پانچ سال سے ’’ تحریک ِ صلوٰۃ ‘ ‘ کے مقصد کے ساتھ ہینڈ بلز ، پوسٹرس ، سوشیل میڈیا Adsکی اشاعت عمل میں لاکر نوجوانوں کو نمازوں کی پابندی کی ترغیب دلا رہی ہے ۔ نیز شہر کی تمام مساجد کے امام و خطیب حضرات کوبھی جمعہ کے اردو بیان میں نمازوں پڑھنے کی فضیلت اور ترک ِ نماز کے عذابات سے آگاہ کرنے کی اپیل بھی کی جارہی ہے ۔کمیٹی کی ایک اور تحریک ’’ تحریک ِ حجاب ‘ ‘ کا بھی کام جاری ہے جہاں مسلم خواتین گھروں میں نمازیں ترک کرتی ہیں وہیں وہ بازاروں و دیگر مقامات پر بے

 

پردگی کا مظاہرہ کرتی نظر آتی ہیں جس سے مسلم معاشرہ پر تباہ کن اثرات پڑرہے ہیں ۔ والدین و سرپرست اپنی لڑکیوں کو سختی سے نماز اور پردہ کا پابند بنائیں اور اپنے گھروں میں اسلامی ماحول بنائیں تاکہ ہماری نسلیں ایمان پر قائم رہیں ۔جیسا کہ ارشاد ہے نماز بے حیائی و برائیوں سے روکنے والی ہے اسی مقصد کے تحت ’’ تحریک ِ صلوٰۃ ‘‘ کا سلسلہ جاری ہے ۔ اجلاس میں ڈاکٹر عظمت رسول صاحب ( نائب صدر ) ، ڈاکٹر رفیع حیدر شکیب ، سید اعزاز محمد قادری ، محمد عادل اشرفی ، محمد عظیم برکاتی ( ایڈوکیٹ ) ، سید ضیا ء الدین توصیف (ایڈوکیٹ ) ، سید طاہر حسین قادری ، محمد عبید اللہ سعدی قادری شرفی ، محمد جاوید ، محمد عدندان ، محمد سلمان ، محمد عامر ، محمد مصطفیٰ، فیصل خان کے علاوہ کثیر تعداد میں اراکین نے شرکت کی ۔ آخر میں صلوٰۃ و سلام اور دعا پر اجلاس کا اختتام عمل میں آیا ۔

متعلقہ خبریں

Back to top button