September 30, 2020

تلنگانہ انٹرمیڈیٹ کے نتائج جاری لڑکیوں کا مظاہرہ بہتر

تلنگانہ انٹرمیڈیٹ سال اول اور سال دوم کے نتائج جمعہ کے دن ریاست کے ڈپٹی چیف منسٹر کڈیم شری ہری نے جاری کئے۔ فرسٹ ائیر اور سکنڈ ائِر دونوں میں لڑکیوں نے لڑکوں سے بہتر مظاہرہ کیا۔ جملہ4،56،675 طلباء نے امتحان لکھا تھا جن میں سے 2،43،503 طلباء کامیاب ہوئے۔

سال اول کا نتیجہ 53.33 اور سال دوم کا 62.70 فیصد رہا۔
سرکاری کالجس میں کامیابی کی شرح 62 فیصد اور خانگی کالجس میں کامیابی کی شرح 63 فیصد رہی۔ سال اول میں ضلع رنگا ریڈی کا نتیجہ 69 فیصد ہے اور یہ ضلع پہلے نمبر پر ہے جبکہ حیدرآباد کا نتیجہ 58 فیصد رہا۔ حیدرآباد دوسرے نمبر پر ہے۔

سال دوم میں رنگاریڈی ٹاپ رہا اس ضلع کے 76 فیصد طلباء کامیاب ہوئے۔ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کے بعد پہلی مرتبہ انٹر میڈیٹ سال اول اور سال دوم کے نتائج پہلی مرتبہ ایک ساتھ جاری کئے گئے ہیں۔

اس کے ساتھ ہی ایڈوانس سپلیمنٹری کا شیڈول بھی جاری کردیا گیا۔ 24 مئی سے 31 مئی تک ایڈوانس سپلیمنٹری امتحانات ہوں گے۔ فیس داخل کرنے کی آخری تاریخ 30 اپریل ہے۔