September 20, 2018

دھانو تعلقہ کے آدی واسی خطہ گنجاڑ میں جمعیۃعلماء(ارشد مدنی)کا میڈیکل کیمپ

دھانو تعلقہ کے آدی واسی خطہ گنجاڑ میں جمعیۃعلماء(ارشد مدنی)کا میڈیکل کیمپ

ممبئی 11 مارچ (اردولیکس)جمعیۃعلماء (ارشدمدنی)کی دھانو ،بوئیسر اور تاراپور کی یونٹوں کے اشتراک سے ایک شاندار میڈیکل کیمپ دھانو تعلقہ کے نہایت کوردہ خطہ گنجاڑ کے مقامی ہیلتھ سینٹر میں منعقد کیا گیا،جس میں ان تینوں یونٹوں کے صدر و سکریٹری اور مجلس منتظمہ کے ممبران نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا ،بالخصوص ایاز الدین سر اور ان کے رفقاء کی محنت سے یہ کیمپ بہت کامیاب رہا ۔
ہیلتھ سینٹر کے پورے عملہ نے بشمول ڈاکٹر صاحبان ،نرس وغیرہ نے نہایت دلچسپی کے ساتھ اس کیمپ کی کارکردگی میں حصہ لیا اور جمعیۃعلماء ضلع تھانہ و پالگھر کے نائب صدر مولانا محمد عارف عمری اور جنرل سکریٹری حافظ محمد عارف انصاری نے بحیثیت مہمان خصوصی اس میں شرکت کی ۔
اس موقع پر جمعیۃعلماء دھانو کے صدر محبوب صاحب،جمعیۃعلماء بوئیسر کے صدر مولانا عبد القدوس صدیقی،جمعیۃعلماء تارا پور کے صدر مولانا صفوان کے علاوہ بدرالدین صاحب ،کوثر شیخ،افضل شیخ،معظم شیخ،مسعود مارکنڈے بطور خاص موجود تھے اور لیلاوتی اسپتال کے دوڈاکٹرجناب ڈاکٹر افسر خان اور ڈاکٹر شبینہ جمال نے بھی اپنی ٹیم کے ساتھ ممبئی سے اس پروگرام میں شرکت کی۔
میڈیکل کیمپ میں تعلقہ دھانوکے ۲۵؍ گاؤں کے مختلف امراض سے دوچار کم و بیش 260 مرد و خواتین ،بڑوں اور بچوں کا چیک اپ کیا گیا اور ان کے مرض کی تشخیص کے بعد دوائیں دی گئیں ۔مذکورہ کیمپ میں چیک اپ اور ادویہ کی تقسیم کا سلسلہ صبح ۹؍ بجے شروع ہوا اور شام ۴؍ بجے تک جاری رہا ،۔کیمپ میں آنے والے 300؍آدی واسی خاندانوں کو بسکٹ ،چاکلیٹ،گلوکون ڈی،کمبل اور بچوں کے کپڑے وغیرہ پر مشتمل پیکٹ دیئے گئے،اور سب کو دوپہر کے کھانے کا پیکٹ بھی فراہم کیا گیا ۔
جمعیۃعلماء مہاراشٹر کے صدر مولانا مستقیم احسن اعظمی صاحب اور جنرل سکریٹری مولانا حلیم اللہ قاسمی صاحب نے اس شاندار میڈیکل کیمپ کے انعقاد پر جمعیۃعلماء کی یونٹوں کو مبارکباد پیش کی اور بالخصوص ایاز الدین سر کی نمایاں کاوشوں کی ستائش کی ۔
واضح رہے کہ دھانو تعلقہ کے اس آدی واسی خطہ کے باشندوں کی حالت زاراور نا گفتہ بہ غذائی قلت کی وجہ سے ہر عمر کے لوگ مختلف امراض میں مبتلا ہورہے ہیں ،حتی کہ کچھ معصوم بچے مہلک امراض کے بھی شکار ہوگئے ہیں ۔ اطلاع کی ملنے پر مقامی جمعیۃعلماء کے متحرک اور فعال رکن ایاز الدین سر نے علاقہ کا سروے کیا اور حالات سے جمعیۃعلماء کے ریاستی ذمہ داروں کو مطلع کیا ۔ذمہ داروں کے ایماء پریہ میڈیکل کیمپ لگایا گیا جس سے لوگوں نے استفادہ کیا۔

Post source : press note