September 20, 2018

جامعہ قاسمیہ مدرسہ شاہی مرادآباد میں مسابقہ کا پروگرام

مرادآباد : 13؍ مارچ / جامعہ قاسمیہ مدرسہ شاہی مرادآباد کے دارالطلبہ لالباغ کے حمیدی ہال میں جامعہ کی شاخوں کے طلبہ کے درمیان مسابقہ کا ایک پروگرام زیر نگرانی حضرت مولانا مفتی محمد سلمان صاحب منعقد کیا گیا۔ جس میں تقریباً 130 طلبہ عزیز نے شرکت کی، پروگرام میں حفظ وناظرہ کے علاوہ نورانی قاعدہ کے طلبہ نے بھی اپنی قابلیت کے جوہر دکھائے جن کا تعلق فرع ثالث سے تھا۔ فرع اوّل میں حفظ کے طلبہ کو اور فرع ثانی میں ناظرہ کے طلبہ کو شامل کیا گیا تھا۔ پروگرام میں حکم کے طور پر جناب قاری محمد یاسین صاحب استاذ مدرسہ فخر العلوم گاؤنڑی ضلع بجنور اور مولانا عبد القادر صاحب استاذ جامعہ قاسمیہ مدرسہ شاہی مرادآباد نے شرکت کی۔ جامعہ کی جانب سے پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کو خصوصی انعامات نگراں مسابقہ حضرت مولانا مفتی محمد سلمان صاحب منصورپوری کے ہاتھوں دیئے گئے۔ نیز مسابقہ کے تمام شرکاء کو عمومی انعامات سے بھی نوازہ گیا۔
جامعہ کے مہتمم حضرت مولانا اشہد رشیدی نے کہا کہ مسابقہ کے ذریعہ طلبہ عزیز کی خوابیدہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور ان میں ایک دوسرے سے آگے بڑھنے کے جذبہ کو پروان چڑھانے کا موقع میسر آتا ہے۔ جس سے معیار تعلیم بلند کرنے اور بچوں کے دلوں میں پڑھائی کا شوق پیدا کرنے میں مدد ملتی ہے۔ مسابقاتی پروگراموں میں جہاں ایک طرف طلبہ عزیز محنت ولگن کے عادی ہوتے ہیں، وہیں دوسری طرف اساتذۂ کرام کی دلچسپیاں بھی بڑھ جاتی ہیں۔
اس موقع پرحضرت مولانا عبد المنان صاحب، جناب قاری احمد علی صاحب ، جناب قاری محمد الیاس صاحب، جناب قاری محمد آفاق صاحب وغیرہ سمیت دیگر کارکنان جامعہ موجود رہے۔
واضح رہے کہ مدرسہ شاہی کی طرف سے ضلع مرادآباد، رامپور، بجنور اور ہلدوانی وغیرہ میں تقریباً تیس شاخیں قائم ہیں جن میں عربی فارسی، قرآن کریم حفظ وناظرہ وپرائمری کے علاوہ دینیات کی تعلیم کا معقول نظم ہے۔ تقریباً تیرہ سو نونہالان قوم ان شاخوں سے استفادہ کرتے ہیں۔

Post source : Press note