November 21, 2018

وزارتِ صحت وجلینس بیداری ہفتے کا اہتمام کرے گی

نئی دہلی،29 اکتوبر /صحت اور کنبہ بہبود کی وزارت ، 29 اکتوبر سے 3 نومبر ، 2018 ء کے دوران بھارت کے وجلینس کمیشن ( س وی سی ) حکومتِ ہند  کی ہدایات کے مطابق  وجلینس ہفتے کا اہتمام کرے گی ۔ اس سال وجلینس بیداری ہفتے کا موضوع ‘‘ انسدادِ بد عنوانی – ایک نئے بھارت کی تعمیر ’’ ہے ۔ صحت اور کنبہ بہبود کی وزیر مملکت محترمہ انوپریہ پٹیل نے  وزارت  کے افسروں اور عملے کو دیانت داری کا حلف دلایا ہے تاکہ بد عنوانی کے خلاف نبرد آزمائی کی جا سکے اور ایمانداری اور دیانت داری کے اعلیٰ ترین معیارات  کے تئیں وابستگی کا اظہار ہو ۔

          مرکزی وجلینس  کمیشن کا مقصد عوامی زندگی میں  دیانت داری ، شفافیت اور احتساب کو فروغ دینا ہے ۔  عوامی زندگی میں ایمانداری اور دیانت داری کو فروغ دینے کی کوششوں کے ایک حصے کے طور پر نیز بد عنوانی سے پاک معاشرے کی تعمیر کے لئے سی وی سی   ہر سال وجلینس  بیداری ہفتے کا اہتمام کرتا ہے ۔   وجلینس بیداری ہفتے کے منائے جانے سے  عوام میں اس کے تئیں زیادہ  بڑے  پیمانے پر بیداری کا جذبہ پیدا ہوتا ہے اور تمام تر شرکائے کار انسداد بد عنوانی اور اس کے تدارک کے عمل میں اجتماعی طور پر شرکت کرتے ہیں ۔

          ایک ہفتے تک چلنے والی وجلینس بیداری مہم  کے دوران مختلف النوع سرگرمیاں مثلاً مذاکرات ، مباحثے اور مضمون نویسی کے مقابلوں کا اہتمام وزارت کی جانب سے کیا جائے گا تاکہ وزارت میں افسروں اور عملے کو چوکس رہنے کے لئے  بیدار اور راغب کیا جا سکے اور وہ اپنے کام کاج میں شفافیت لائیں تاکہ زندگی کے تمام شعبوں سے بد عنوانی کا انسداد ممکن ہو سکے ۔

Post source : pib