January 16, 2019

اردو یونیورسٹی طلبہ کرکٹ ٹیم نے سہ رخی کرکٹ ٹورنمنٹ جیت لیا

اردو یونیورسٹی طلبہ کرکٹ ٹیم نے سہ رخی کرکٹ ٹورنمنٹ جیت لیا

حیدرآباد، 11 جنوری (پریس نوٹ) مولانا آزادنیشنل اردو یونیورسٹی کی طلبا کرکٹ ٹیم نے ایک اور شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے یونیورسٹی آف حیدرآباد کی ٹیم کو 68 رن سے شکست دے دی۔ مانو ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 25 اوورس میں 5 وکٹوں کے نقصان سے 189 رن اسکور کیے ۔ شہید الاسلام نے سب سے زیادہ 51 رن بنائے جس میں 8 چوکے شامل تھے۔ محمد رفیق خان نے 48 رن 4 چوکے اور 2 چھکوں کی مدد سے بنائے۔ راکیش نے 5 اوورس میں 30 رن کے عوض 2 وکٹ لیے۔ جوابی اننگ میں حیدرآباد یونیورسٹی کی ٹیم 20.4 اوور میں 121 رن بناکر آﺅٹ ہوگئی۔ ہری نے سب سے زیادہ 48 رن بنائے۔ ذیشان جمالی نے 3.4 اوور میں 11 رن کے عوض 3 وکٹ لیے۔ جبکہ رفیق اور فرحان نے 2،2 وکٹ لیے۔ 

ڈاکٹر محمد اسلم پرویز، وائس چانسلر ، مانو نے ٹرافی اور میڈلس عطا کیے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ جیت ہار سے بڑھ کر کھیل کے جذبہ کو برقرار رکھنا ضروری ہے۔ دونوں صورتوں میں آپ سیکھتے اور آگے بڑھتے ہیں۔ حیدرآباد یونیورسٹی ٹیم کو سلور میڈلس دئے گئے جبکہ پہلی آزاد سہ رخی سیریز کی ٹرافی اور گولڈ میڈلس مانو ٹیم کو دیے گئے۔ ابتداءمیں ڈاکٹر ایم اے سکندر، رجسٹرار ، نے پروفیسر ابوالکلام، صدر نشین اسپورٹس مانیٹرنگ کمیٹی کی چند گیندوں کو کھیل کر میچ کا آغاز کیا۔ پروفیسر ابوالکلام نے تینوں ٹیموں نظام کرکٹ کلب، یونیورسٹی آف حیدرآباد اور مانو کے کھلاڑیوں کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ ان کھلاڑیوں نے جوش و جذبے کا مظاہرہ کیااور اپنی زبان اور مظاہرہ میں شائستگی اور وقار قائم رکھا۔جناب مجاہد علی، اسسٹنٹ ڈائرکٹر انچارج (ڈی پی ای اینڈ اسپورٹس) نے ٹورنمنٹ پر مختصر رپورٹ پیش کی اور کارروائی چلائی۔ جناب محمد مشرف خان، کرکٹ کوچ مانو ٹیم، جناب سید مظفر علی، سابق انٹرنیشنل فٹ بال کھلاڑی اور مانو فٹ بال ٹیم کے کوچ، ڈاکٹر محمد حبیب اللہ، اسسٹنٹ ڈائرکٹر بھی اس موقع پر موجود تھے

Post source : Press release