August 19, 2019

جمعیۃعلماء مہاراشٹر کے اکابرین کا جمعیۃعلماء مراٹھواڑہ کی جانب سے استقبال

جمعیۃعلماء مہاراشٹر کے اکابرین کا جمعیۃعلماء مراٹھواڑہ کی جانب سے استقبال

جالنہ، مہاراشٹر ۹؍ فروری/ پچھلے دنوں جمعیۃعلماء مہاراشٹر کے انتخاب کے بعد جو ناگفتہ بہ حالات اور نا خوشگوار واقعات رونما ہوئے اس سے جمعیۃ علماء کے متعلقین دل گرفتہ تھے،لیکن اس کے بعد صوبائی جمعیۃ کے عہدیداران و اکابرین نے جس درجہ تحمل ،ایک دوسرے کااحترام جمعیۃ کے مفاد میں ملحوظ رکھا خصوصاً حضرت مولانا سید ارشد مدنی دامت برکاتہم کے ممبئی تشریف لانے کے بعد اور ان کے مشورہ و ایماء کو جس انداز سے ہمارے صوبائی جمعیۃ کے ذمہ داروں نے خندہ پیشانی کے ساتھ قبول کیا اور تمام اختلافی امور کو بالائے طاق رکھتے ہوئے حضرت والا کے حکم پر عمل کیا یہ طرز عمل تمام تحریکوں اور دینی جماعت کے لئے قابل تقلید ہے۔
مولانا سید نصر اللہ حسینی سہیل ندوی نائب صدر جمعیۃعلماء مراٹھواڑہ کی خبر کی بموجب مراٹھواڑہ جمعیۃ علماء کا وفد پرسوں ممبئی آیا ،جس میں مفتی مرزا کلیم بیگ ندوی صدر جمعیۃعلماء مراٹھواڑہ،مولانا سید نصر اللہ حسینی سہیل ندوی نائب صدر جمعیۃعلماء مراٹھواڑہ ،حافظ عبد العظیم نائب صدر جمعیۃعلماء مراٹھواڑہ ،قاری عبد الرشید حمیدی صدر جمعیۃعلماء ضلع پربھنی ،عبد القدیر مولانا رکن عاملہ جمعیۃعلماء مراٹھواڑہ ،مولانا شعیب القاسمی جوائنٹ سکریٹری جمعیۃعلماء شہر اورنگ آباد موجود تھے۔اس وفد نے صوبائی جمعیۃکے بزرگوں سے ملاقات کی اور ان کے اس موجودہ قابل تحسین طرز عمل اور جمعیۃعلماء کے مفاد میں آپس میں ارتباط و خلوص سے خوش ہوئے ان کا استقبال کیا ،ان حضرات نے گلزار احمد اعظمی سربراہ قانونی امداد کمیٹی مہاراشٹر ،مولانا حلیم اللہ قاسمی جنرل سکریٹری جمعیۃعلماء مہاراشٹر ،مولانا مفتی حفیظ اللہ قاسمی ،ناظم تنظیم جمعیۃعلماء مہاراشٹر کا جمعیۃعلماء کے دفتر میں شال پوشی کے ذریعہ استقبال کیا گیا ۔
بعدہ علاقہ کے در پیش مسائل پر مفید اور اہم تبادلہ خیال کیا گیا ،نیز علاقہ مرٹھواڑہ میں کیسے جمعیۃعلماء کو مضبوط و مستحکم کیا جائے اس کے لئے مشورہ ہوا،نیز اکابرین جمعیۃ کو اپنے علاقہ میں مدعو کرکے مناسب دعوتی و اصلاحی پروگرام منعقد کرنے کا فیصلہ ہوا۔
ایسی اطلاع قاری عبد الرشید حمیدی ناظم شعبہ نشر و اشاعت جمعیۃعلماء ارشد مدنی مراٹھواڑہ نے اپنے پریس نوٹ کے ذریعہ دی ہے ۔

Post source : Press release