April 24, 2019

ڈان ہایی اسکول میں مجلس کے رکن قانون ساز کونسل ریاض الحسن آفندی کی تہنیتی تقریب 

ڈان ہایی اسکول میں مجلس کے رکن قانون ساز کونسل ریاض الحسن آفندی کی تہنیتی تقریب 

حیدرآباد 20 مارچ ( پریس نوٹ )مجلس اتحاد المسلمین کے نو منتخب رکن قانون ساز کونسل ریاض الحسن آفندی کو آج ڈان ہائی اسکول ملک پیٹ میں تہنیت پیش کی گئی ۔ اس موقع پر صدر نشین ڈان گروپ آف ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنس فضل الرحمن خرم نے ایم ایل سی کی حیثیت سے انتخاب پر ریاض الحسن آفندی کو مبارکباد دی۔اسکولی طالبات نے انہیں یادگاری مومنٹو اور گلدستہ پیش کیا۔ فضل الرحمن خرم نے امید ظاہر کی کہ ریاض الحسن آفندی رکن قانون ساز کونسل کی حیثیت سے بحسن خوبی اپنے فرائض انجام دیں گے اور عوام کی خدمت کریں گے ۔ انہوں نے کارپوریٹر نور خاں بازار اور کارپوریٹر دبیر پورہ کی حیثیت سے ان کی خدمات کی ستائش کی ۔ ریاض الحسن آفندی نے تہنیت کی پیشکشی پر اظہار تشکر کیا ۔ انہوں نے کہا کہ وہ ڈان ہائی اسکول میں تہنیت کی پیشکشی اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے والی تقاریرسے کافی متاثر ہوئے ہیں اور ان میں مزید بہتر کارکردگی کیلئے جوش و خروش پیدا ہوا ہے۔ ریاض الحسن آفندی نے ڈان ہائی اسکول کی نصف صدی پر محیط تعلیمی خدمات کی ستائش کی۔ ممتاز ماہر امراض جلد ڈاکٹر غلام عباس نے بھی اس موقع پر خطاب کیا اور قانون ساز کونسل کیلئے انتخاب پر ریاض الحسن آفندی کو مبارکباد دی اور ان کے مزید بہتر مستقبل کیلئے نیک تمناوں کا اظہار کیا ۔ اسکولی طالبات نے خواتین کو با اختیار بنانے کے موضوع پر ایک بااثر ڈرامہ پیش کیا ۔ اس موقع پر ڈان ہائی اسکول میں زیر تعلیم ’اپنا سہارا ‘یتیم خانہ کے بچوں سے بھی مجلسی ایم ایل سی کا تعارف کروایا گیا ۔ ایک سماجی کاز کی حیثیت سے ان بچوں کو تعلیم کی فراہمی پر ریاض الحسن آفندی نے خوشی کا اظہار کیا ۔

Post source : press note