April 24, 2019

جامعہ فاطمہ نسواں پداپلی میں ختم بخاری شریف کا اجلاس

جامعہ فاطمہ نسواں پداپلی میں ختم بخاری شریف کا اجلاس

پداپلی -13 اپریل ( اردو لیکس) جامعہ فاطمہ نسواں پداپلی میں ختم بخاری شریف کا اجلاس  بڑے ہی تزک و احتشام کے ساتھ منعقد ہوا ، جس میں علماء دین کی بصیرت افروز تقاریر حدیث شریف کی فضیلت و اہمیت بیان کی گئ ،اجلاس کے مہمان خصوصی تلنگانہ چیرمین کھادی و ولیج انڈشٹری و خطیب مسجد مدراسی ورنگل حضرت مولانا یوسف زاہد صاحب نے فارغ ہونے والی طالبات کو بخاری شریف کی آخری حدیث کا درس دیا ۔انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا امام بخاری نے کتاب کے اخیر میں ذکر والی حدیث بیان کرکے یہ بتایا کہ عمل کے مقبول ہونے کے لیے نیت کا خلوص نہایت ہی ضروری ہے ، اگر نیت اچھی ہوگی اللہ کے دربار میں عمل اتنا ہی مقبول ہوگا انہوں نے بخاری شریف کے فن حدیث میں مقام و مرتبہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ قرآن مجید کے بعد یہ سب سے زیادہ صحیح کتاب ہے ، اس لئے کے اس میں امام بخاری نے سند کے لحاظ سے پہنچنے والی لاکھوں حدیثوں میں سے چند ہزار حدیث کو جمع کیا ہے انہوں نے طالبات سے مزید خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دین کی سربلندی کے لئے خدمت کرنا اپنا مزاج بنائیں مزید کہا کہ اپنے ماؤں اور بہنوں کے بیچ گاؤں سماج معاشرہ میں آپ جائیں اور انہیں دین کی بنیادی علم سے آشنا کریں، انہوں نے طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دین کی خدمت مشکلات سے بھری ہے با الخصوص عورتوں کے لئے ، اس لئے استقامت اور طہارت کے ساتھ دین کی خدمت کو اپنا شیوہ بنانا چاہئے،طالبات کو مہمانوں کے ہاتھوں دستار اور سند فضیلت عطاء کی گئ اس موقعہ پر ہزاروں کی تعداد میں خواتین موجود رہیں اور طالبات نے قراْت ،نعت ،حمد،نظم و تقاریر اور الوداعی ترانہ پیش کیا ہے،درس کے اختتام کے بعد مفتی محمد استقام الدین قاسمی کی دعاء پر اجلاس کا اختتام ہوا،جبکہ خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے ادارہ کے بانی و مہتمم مولانا لئیق اللہ قاسمی نے مدرسہ کے قیام کے اغراض و مقاصد نیز جامعہ کے شعبہ جات کی کار کردگی کو بھی بتا تے ہوئے آنے والے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا ۔ وہیں اسٹیج پر رونق افروز علمائے کرام میں مفتی مجاہد اسعدی صاحب،مفتی امتیاز اسعدی صاحب،مولانا توصیف اسعدی صاحب ،حافظ عبد المجیب صاحب کے علاوہ علاقہ کے علماء، ائمہ و دیگر معزز شخصیات احمد بیگ صاحب محمد حمید صاحب کے نام شامل ہیں ، اس پروگرام کو بحسن خوبی انجام تک پہنچانے میں ادارہ جامعہ ہذا کے معلمین و معلمات و طالبات اور باشندگان شامل ہیں ، واضح رہے کہ جامعہ فاطمہ نسواں پداپلی کا واحد اسلامی ادارہ ہےجہاں طالبات کو دورہ حدیث تک کی تعلیم دی جاتی ہے،جامعہ سےفارغ ہونے والی طالبات میں بنت محمد فہیم الدین پداپلی، بنت محمد غوث الدین پداپلی، بنت شیخ احمد پداپلی،بنت محمد ابراہیم پداپلی ہیں،

Post source : urduleaks news network