July 20, 2019

ڈپٹی میئر کی جانب سے سحر کا انتظام۔ غیر مسلم بھایوں کی خدمت، فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی مثال

ڈپٹی میئر کی جانب سے سحر کا انتظام۔ غیر مسلم بھایوں کی خدمت، فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی مثال

حیدرآباد 17 مئی (پریس نوٹ)آج کے مادہ پرست دور میں جہاں لوگ دوسروں کے کندھوں کو اپنی ترقی کا زینہ بناتے ہیں، ایسے ماحول میں خدا کے بعض بندے ایسے بھی ہیں جن کے اندر انسانی ہمدردی، عوامی اور سماجی خدمت کا جذبہ کوٹ کوٹ کر بھرا ہواہوتا ہے، جو دوسروں کی مدد کے بہانے تلاش کرتے رہتے ہیں تاکہ وہ اپنے خالق کی رضا حاصل کرسکیں،جس کی ایک مثال ڈپٹی میئر ج گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن (جی ایچ ایم سی) مسٹر بابا فصیح الدین ہیں۔بابا فصیح الدین کی جانب سے شہر حیدرآباد کے بورابنڈہ علاقہ میں پچھلے چاربرسوں سے خاص و عام کے لئے طعام سحری کا نظم کیا جارہا ہے جس سے زیادہ ترغیر مقامی طلبہ،بیچلرس، ضرورت مندوں اور غریب روزہ دار استفادہ کررہے ہیں۔ بابا فصیح الدین نے بتایا کہ افطار کا اہتمام ایک عام بات ہے مگر روزہ داروں بالخصوص غیر مقامی طلبہ ، بیچلرس اور غریب افراد کو سحری کیلئے کافی دشواریاں پیش آتی ہیں۔ بالخصوص ان علاقوں میں جہاں ہندو مسلم آبادیاں ہونے کی وجہ سے سحری کے وقت ہوٹلوں میں کھانے کا انتظام بھی نہیں رہتا ہے،پیسہ رکھتے ہوئے مسافر اور ہاسٹلوں مےں رہنے والے سحری کرنے سے قاصر رہ جاتے ہیں،جس کو مدنظر رکھتے ہوئے انھوں نے رمضان کا پورا مہینہ مفت سحر کا انتظام کرنے کا فیصلہ کیاتھا اور گذشتہ چار سالوں سے یہ سلسلہ کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔ انھوں نے کہاکہ موسم گرما کے پیش نظر تغذیہ بخش غذا تیار کی جاتی ہے اسی لئے وہ خود بھی روزہ داروں کے ساتھ ملکر سحری کھاتے ہیں اور سحر کے انتظام سے ہر روز تقریبا 500 افراد استفادہ کرتے ہیں،جن میں بیشتربےرون حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے طلبہ ہوتے ہیں۔ بابافصیح الدین نے کہاکہ ہمارے سحری انتظامات کی خصوصیت یہ ہیکہ ان میں غیر مسلم دوست بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں،جن میں خواتین بھی شامل ہیں،مسلم روزہ داروں کے لئے کھانے کی سربراہی غیرمسلم نوجوان کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہاکہ ہم اس کام کے ذریعہ سارے ملک کو اس بات کا پیغام دینے کی کوشش کررہے ہیں کہ فرقہ پرست طاقتیں اپنی سیاسی بقا کے لئے ہندو اور مسلمانوں کے بشمول دیگر اقلیتوں میں زہر گھولنے کی کوشش کررہے ہیں مگر تلنگانہ گنگا جمنی تہذیب کا گہوارہ ہے اور یہاں کی تہذیب چار سو سال قدیم ہے جس کو مٹھی بھر لوگ مٹانہیں سکتے۔ اس طرح کے عملی اقدامات سے تلنگانہ کے نوجوان فرقہ پرستوں کی ان کوششوں کو ناکام بناتے رہیں گے۔ بابا فصیح الدین نے بتایا کہ وہ ہر دوسرے دن بورابنڈہ ڈیویژن کی 18مساجد میں افطار کا بھی اہتمام کروار ہے ہیں۔انھوں نے واضح کیاکہ وہ صرف اور صرف اللہ کی رضا کیلئے سحر اور افطار کا انتظام اپنے ذاتی سرمایہ سے کرتے ہیں۔

 

Post source : Press release