July 20, 2019

بچھڑے کی چوری پر سر منڈھوا دیا گیا۔ محبوب نگر ضلع میں واقعہ

بچھڑے کی چوری پر سر منڈھوا دیا گیا۔ محبوب نگر ضلع میں واقعہ

محبوبنگر 18  مئی ( اردو لیکس) بچھڑا چرانے کے الزام میں دو نوجوانوں کے سر منڈھوا دیے گیے جس پر دلبرداشتہ ایک نوجوان نے خودکشی کی کوشش کی اور اس معاملے کا انکشاف ہوا۔ یہ واقعہ ریاست تلنگانہ کے ضلع محبوب نگر کے موضع موچنتلہ میں پیش آیا۔ مقامی‌مہیشور ریڈی نے اپنے باپ سریندر ریڈی سے رقم طلب کی باپ نے انکار کر دیا۔ برہم بیٹے نے اپنے دوست راجندر کے ساتھ مل کر اپنے گھر کے سامنے بندھا ہوا بچھڑا دیور کدرا لے جا کر فروخت کر دیا اور رقم خرچ کرلی۔ گھر کے سامنے سے بچھڑا چوری ہوجانے پر مہشور ریڈی کے ماں باپ پریشان ہوگئے بعدازاں انہیں اس حقیقت کا انکشاف ہوا کہ بچھڑا ان کے بیٹے نے ہی چرا کر فروخت کر دیا ہے۔ وہ برہم ہوگیے اور مسئلے کو لے کر گاؤں کی پنچایت سے رجوع ہوئے۔ پنچایت نے دوبارہ اس طرح کا واقعہ پیش نہ آئے اسی لئے ان دونوں نوجوانوں کو سزا دینے کا فیصلہ کیا اور یہ فیصلہ سنایا گیا کہ دونوں نوجوانوں کا سر مونڈھ کر انھیں گاؤں میں گشت کروایا جائے۔ راجندر نے اس کی مخالفت کی اور گاؤں والوں سے الجھ گیا۔تاہم گاؤں والوں نے ان کے سر مونڈھ دیے جس پر راجندر نے کیڑے مار دوا پی کر خودکشی کی کوشش کی اور معاملہ پولیس کے پاس پہنچا۔ پولیس نے گاؤں کے دس لوگوں کے خلاف کیس درج کر کے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔