September 22, 2019

بیسٹ کانسٹبل کا ایوارڈ حاصل کرنے والا رشوت لیتے ہوئے پکڑا گیا

بیسٹ کانسٹبل کا ایوارڈ  حاصل کرنے والا رشوت لیتے ہوئے پکڑا گیا

زیشان علی زاہد کی رپورٹ

کریم نگر -16 اگست ( اردو لیکس)  بہترین خدمات انجام دینے والے ملازمین کے ساتھ یوم آزادی کے موقع پر 15 اگست کو حکومت کی جانب سے بیسٹ کانسٹبل کا ایوارڈ حاصل کرنے والے ایک کانسٹبل کو اینٹی کرپشن کے عہدیداروں نے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا ۔یہ عجیب وغریب واقعہ تلنگانہ کے محبوب نگر شہر میں پیش آیا ۔ایوارڈ حاصل کرنے کے دوسرے دن ہی کانسٹبل کی یہ حرکت محبوب نگر کے پولیس  ملازمین کے ساتھ مقامی عوام میں موضوع بحث بنی ہوئی ہے ۔یوم آزادی اور یوم جمہوریہ کے موقع پر  ضلع سطح پر مختلف محکموں میں کام کرنے والے عہدیداروں اور ملازمین کو ان کی فرض شناسی، ایمانداری اور بہترین عوامی خدمات پر  ایوارڈ سے نوازا جاتا ہے اسی طرح جمعرات کے دن بھی محبوب نگر ضلع میں یوم آزادی کے موقع پر ضلع سے تعلق رکھنے والے وزیر سرینواس گوڑ اور کلکٹر رونالڈ روز کے ہاتھوں کئی ملازمین میں ایوارڈ تقسیم کئے گئے ۔ایوارڈ حاصل کرنے والوں میں محبوب نگر ون ٹاون پولیس اسٹیشن سے وابستہ کانسٹبل تروپتی ریڈی بھی شامل تھا اس کے دوسرے دن ہی آج تروپتی ریڈی کو اینٹی کرپشن کے عہدیداروں نے 17 ہزار روپے رشوت قبول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا ۔بتایا گیا ہے کہ رمیش نامی ریت کے کنٹراکٹر سے تروپتی ریڈی نے 17 ہزار روپے رشوت طلب کئے تھے رمیش نے اے سی بی عہدیداروں سے تروپتی ریڈی کے خلاف شکایت کی تھی جس پر آج جال بچھا کر اسے پکڑ لئے ۔

Post source : urduleaks news network