September 22, 2019

اُردو یونیورسٹی میں فارسی کے اولین انٹرنیشنل سمر اسکول کا پیر کو آغاز

اُردو یونیورسٹی میں فارسی کے اولین انٹرنیشنل سمر اسکول کا پیر کو آغاز

حیدرآباد 17 اگست (پریس نوٹ) مولانا آزاد نیشنل اُردو یونیورسٹی شعبہ فارسی اور جرمنی کی گوٹنگن یونیورسٹی کے اشتراک سے 19 اگست تا 31 اگست ”ہند- فارسی ریکارڈس کا مطالعہ اورتجزیہ“ کے زیر عنوان فارسی کے اولین انٹر نیشنل سمراسکول کاانعقاد عمل میں آرہا ہے۔ سید حامد مرکزی لائبریری میں پیر کی صبح 10:30 بجے اس کا افتتاح عمل میں آئے گا۔ پروفیسر شاہد نوخیز اعظمی، صدر شعبہ فارسی کی اطلاع کے بموجب پروفیسر ایوا آرتھمن ، ڈائرکٹر، مرکز مطالعات ایرانیان ، گوٹنگن یونیورسٹی، جرمنی اور ہندوستان کے سفیرِ تہذیب و ثقافت برائے ازبکستان اور لال بہادر کلچر سنٹر (تاشقند) کے ڈائرکٹر پروفیسر چندر شیکھر بھی اس پروگرام میںشرکت کریں گے۔ ڈاکٹر محمد اسلم پرویز، وائس چانسلر افتتاحی اجلاس کی صدارت کریں گے۔ اس پروگرام کا مقصد حیدرآباد کے کتب خانوں میں محفوظ بین الاقوامی اہمیت کے حامل فارسی مخطوطات کے ذخائر اور نادر دستاویزات کی متن خوانی، نسخہ شناسی اور تشریحی مطالعہ ہے۔ اس میں یوروپ کی مختلف یونیورسٹیز کے فارسی ریسرچ اسکالرز کی ایک بڑی تعداد شرکت کرے گی اور ہندوستان کے ماہرینِ مخطوطات لیکچر دیںگے۔ اپنی نوعیت کا یہ پہلا بین الاقوامی سمر اسکول ہے جو ہندوستان کی کسی یونیورسٹی میں منعقد ہو رہا ہے۔ یہ شعبہ فارسی، مانو اور سرزمین دکن کے لیے ایک اعزاز ہے۔

Post source : press note