October 24, 2020

مولنا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کوNAAC کا دوبارہ اعلیٰ ترین ’’A‘‘ گریڈ

مولنا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کوNAAC کا دوبارہ اعلیٰ ترین ’’A‘‘ گریڈ

 مولانا آزاد نیشنل اُردو یونیورسٹی کو ہندوستان میں اعلیٰ تعلیمی اداروں میں معیار تعلیم کی جانچ کرنے والے یوجی سی کے خود مختار ادارے نیشنل اسسمنٹ اینڈ ایکریڈیٹیشن کونسل(NAAC) کی جانب سے پھر ایک مرتبہ اعلیٰ ترین ’’A‘‘ گریڈ حاصل ہوا ہے۔ اس سے قبل یونیورسٹی کو 2009 میں بھی اے گریڈ حاصل ہوا تھا۔ اس بار یونیورسٹی کو NAAC نے سی جی پی اے اسکیل کے تحت 3.09 نشانات عطا کیے ہیں۔ اس موقع پر ڈاکٹر محمد اسلم پرویز وائس چانسلر نے اپنے پیام میں تمام طلبہ، اساتذہ، عہدیداروں اور اسٹاف کو مبارکباد دی اور کہا کہ اے گریڈ کا حصول یونیورسٹی کے لیے یقیناًایک اعزاز ہے۔ اس سے پتہ چلتا ہے کہ ہم صحیح سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ ہمیں مزید بہتر کام کرنا ہوگا۔ انگریزی اور دیگر قومی و مقامی زبانوں کی جامعات کے مقابلے میں اردو یونیورسٹی کو NAAC کا اعلیٰ ترین A گریڈ عطا کیا جانا اس بات کا ثبوت ہے کہ اردو آج بھی عصری تقاضوں کی تکمیل کے معاملے میں کسی دوسری زبان سے پیچھے نہیں ہے۔ ڈاکٹر اسلم پرویز نے یونیورسٹی میں علمی و تحقیقی ماحول کو مزید پروان چڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے NAAC پیئر کمیٹی کے دورے اور تیاری کے سلسلے میں یونیورسٹی سطح پر تشکیل کردہ کمیٹی کی مساعی کی خصوصی طور پر ستائش کی۔ ڈاکٹر شکیل احمد رجسٹرار نے بھی NAAC کی جانب سے ہندوستان کی واحد اردو یونیورسٹی کو A گریڈ عطا کیے جانے پر اسے اردو ذریعہ تعلیم کے لیے ایک اعزاز قرار دیا ہے۔ یونیورسٹی میں سائنسی علوم، انجینئرنگ، پالی ٹیکنیک اور فنون و سماجی علوم کے کورسز اردو میں دستیاب ہیں۔ NAAC کی پیئر ٹیم نے 4-6 ؍ اپریل 2016 یونیورسٹی کا دورہ کرتے ہوئے تعلیمی و زائد نصابی سہولیات، معیار اور دیگر اشاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا تھا۔ NAAC کی اسٹانڈنگ کمیٹی کے 15 ویں اجلاس میں جو 25؍ مئی کو بنگلورو میں منعقد ہوا پیش کردہ سفارشات کے ذریعہ مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کو تصدیق کے دوسرے مرحلے میں اعلیٰ ترین “A” گریڈ کا مستحق قرار دیا گیا۔