October 23, 2019

عادل آباد کے آر ٹی سی ملازمین کو بی جے پی کی تائید – بی جے پی رکن پارلیمان سویم باپوراؤ و دیگر قائدین نے آر ٹی سی ملازمین کے ہمراہ نکالی زبردست احتجاجی ریالی

عادل آباد کے آر ٹی سی ملازمین کو بی جے پی کی تائید – بی جے پی رکن پارلیمان سویم باپوراؤ و دیگر قائدین نے آر ٹی سی ملازمین کے ہمراہ نکالی زبردست احتجاجی ریالی

عادل آباد7-اکتوبر(اردو لیکس)بی جے پی رکن پارلیمان عادل آباد مسٹر سویم باپوراؤ؛صدر ضلع بی جے پی پایل شنکر نے کہاکہ ریاستی حکومت نے انتخابات کے دوران کئے گئے وعدوں کو یکسر فراموش کردیا ہے۔تلنگانہ ریاست کو علیحدہ کرنے میں آر ٹی سی ملازمین کی جد و جہد بھی شامل ہے۔وہ آج ٹی ایس آر ٹی سی ملازمین عادل آباد کے تیسرے دن بھی ہڑتال پر آر ٹی سی ملازمین کے ہمراہ بی جے پی کی قیادت میں نکالی گئی احتجاجی ریالی سے خطاب کررہے تھے۔یہ ریالی عادل آباد کے سندریابھون سے ہوتے ہوئے بس ڈپو سے گذرکر تلنگانہ تلی چوک پر احتجاجی دھرنے میں تبدیل ہوگئی۔بی جے پی رکن پارلیمان و صدر بی جے پی نے میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آر ٹی سی ملازمین اپنی جان جوکھم میں ڈالکر مسافرین کیلئے راحت بخش سفر بنانے کیلئے کوئی کسر باقی نہیں رکھتے۔آر ٹی سی ملازمین کو اپنے حقوق کیلئے احتجاج کرنے کا مکمل حق ہے۔انہوں نے کہاکہ کے سی آر آر ٹی سی ملازمین کے مسائل کی یکسوئی میں غیر سنجیدگی اختیار کررہے ہیں۔رکن پارلیمنٹ سویم باپوراؤ و ضلع صدر پایل شنکر نے آر ٹی سی ملازمین کا بی جے پی کی جانب سے مکمل تائید کا اظہار کیا۔اورچیف منسٹر کے چندر شیکھرراؤ کو آر ٹی سی ملازمین کے ساتھ انصاف کرنے کا پر زور مطالبہ کیا۔اس موقع پر آر ٹی سی ملازمین کے علاوہ بی جے پی قائدین کی کثیر تعداد موجود تھی۔

Post source : Urduleaks