July 11, 2020

تلنگانہ میں منگل سے کورونا کی جانچ شروع: وزیرصحت

تلنگانہ میں منگل سے کورونا کی جانچ شروع: وزیرصحت

حیدرآباد 29 جون(اردولیکس) تلنگانہ کے وزیر صحت ای راجندر نے کہا ہے کہ شہر حیدرآباد میں کوویڈ19کے معاملات میں اضافہ ہوتاجارہا ہے۔دیہی علاقوں میں یہ معاملات کم ہیں اور شہری علاقوں میں معاملات میں اضافہ ہورہا ہے۔وزیرصحت نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہاکہ اموات کی شرح میں بھی یہاں کم ہے۔حیدرآباد شہر میں منگل سے تلنگانہ بھر میں مشتبہ مریضوں کے نمونوں کی وصولی کا کام انجام دیاجائے گا۔انہوں نے کہاکہ گورنمنٹ اسپتال کوٹھی کے ساتھ ساتھ دیگر اسپتالوں میں بھی دن بھر نمونوں کی وصولی کا کام کیاجائے گا۔ایسے افراد جن کو شبہ ہے کہ وہ کورونا سے متاثر ہوئے ہیں کو چاہئے کہ وہ پہلے گورنمنٹ اسپتال کوٹھی،فیور اسپتال یا پھر عثمانیہ اسپتال سے رجوع ہوں جہاں ان کے مختلف نمونے حاصل کئے جائیں گے۔انہوں نے کہاکہ لعاب کے نمونہ کے مثبت پائے جانے کی صورت میں مریض کی حالت کے لحاظ سے اس کو گاندھی اسپتال میں داخل کروایا جائے گایا پھر اس کو قرنطینہ کیاجائے گا۔ای راجندر نے عوام پر زوردیا کہ وہ پریشان نہ ہوں۔اس مرض سے لوگ صحت یاب ہورہے ہیں۔ایسے افراد اور مریض جن کو پہلے ہی سے کئی مرض لاحق ہیں ان کو چوکس رہنے کی ضرورت ہے۔

Post source : urduleaks