July 11, 2020

آندھراپردیش میں گیس کا اخراج،2 افراد کی موت

آندھراپردیش میں گیس کا اخراج،2 افراد کی موت

وجے واڑہ-30 جون( اردو لیکس)آندھراپردیش کے وشاکھاپٹنم کے پرواڈا میں ایک دواساز کمپنی کے پلانٹ میں بنزی میڈازول گیس کے اخراج کے واقعہ میں دو مزدوروں کی موت ہوگئی جبکہ دیگر چار کی صحت خراب ہوگئی جس کے بعد ان کو اسپتال میں داخل کروادیاگیا۔اس واقعہ کے وقت چار افراد وہاں موجود تھے۔انسپکٹر پولیس پرواڈا اُودے کمار نے کہا کہ گیس کا اخراج کمپنی کے علاوہ دیگر مقامات پر نہیں ہوا۔یہ واقعہ منگل کی صبح پیش آیا۔جن مزدوروں کی صحت خراب ہوگئی ہے ان کو گجواکا کے اسپتال منتقل کیاگیا۔اس میں سے ایک کو ونٹی لیٹر پر رکھاگیا ہے۔ضلع کلکٹر وی ونئے چند اور پولیس کمشنر آر کے مینا اطلاع ملتے ہی مقام واقعہ پر پہنچ گئے اورصورتحال کا جائزہ لیا۔گیس کے اخراج کی وجہ معلوم نہ ہوسکی۔یہ گیس پلانٹ کے ری ایکٹر سے خارج ہوئی۔مرنے والوں کی شناخت نریندر اور گوری شنکر کے طور پر کی گئی ہے۔

Post source : Urduleaks