September 30, 2020

صفا بیت المال کے تحت مستحق بیواؤں میں ماہانہ وظائف کی تقسیم

حیدرآباد 12 اگست (پریس نوٹ) صفا بیت المال حیدرآباد گزشتہ پندرہ سالوں سے مختلف شعبہ جات میں تعلیمی، رفاہی، فلاحی و ملی خدمات انجام دے رہا ہے۔ اس تنظیم نے ابتداء ہی سے سماج کا مجبور و بے بس طبقہ بیواؤں کی بھرپور امداد کا سلسلہ جاری رکھا ہے۔ بیواؤں کی کسمپرسی کا حقیقی حال اس وقت معلوم ہوگا جب ان بیواؤں کے خستہ حال گھروں تک پہنچ کر ان کی حالت کو اپنی آنکھوں سے دیکھا جاتا ہے۔ صفا بیت المال نے اپنے سروے ٹیم کے ذریعہ سلم علاقوں کی بیواؤں کا جائزہ لیا اور ان کا سروے کیااور ان میں سے حقیقی مستحق اور کسمپرسی کا شکار بیواؤں میں وظائف دینے کا سلسلہ شروع کیا۔ گزشتہ تیرہ سالوں سے صفا بیت المال حیدرآباد سینکڑوں بیواؤں کی ماہانہ امداد کرتا آرہا ہے۔ بیواؤں اور یتیموں کے وظائف تقسیم کے انچارج حافظ صابر احمد نے یہ اطلاع دی اور بتلایا کہ آج بتاریخ 11 /اگست مرکزی دفتر صفا بیت المال پر مولانا غیاث احمد رشادی نے اپنے ہاتھوں سے سینکڑوں بیواؤں میں وظائف تقسیم کئے اور ان بیواؤں کو 1000 روپئے مالیتی راشن بھی دیاگیا۔ آج 94 بیواؤں میں 3,29,000 (تین لاکھ انتیس ہزار) رو پئے وظائف تقسیم کئے گئے۔ واضح ہوکہ صفا بیت المال کے دفتر پر ایسی سینکڑوں مستحق بیواؤں کی فہرست موجود ہے جو کرایہ یا باڑہ کے خستہ مکانات میں کسمپرسی کی زندگی بسر کررہی ہیں، جن کی ساری تفصیلات دفتر پر موجود ہیں۔ صفا بیت المال ہر دو ماہ یا تین ماہ میں ایک مرتبہ ان بیواؤں کو دفترپر بلاکر ان کے وظائف کی رقم حوالے کرتا ہے۔ جو صاحبِ خیر حضرات ان بیواؤں کی ماہانہ امداد اور کفالت کیلئے تیار ہوں وہ سیل نمبر 9394419806 پر ربط کریں اور دفتری اوقات 9 بجے صبح تا 5 بجے شام اس نمبر پر فون کریں اور ان بیواؤں کی کفالت یا امداد میں تعاون کریں۔

Post source : urduleaks