October 24, 2020

حیدرآباد میں نواب کاظم علی خان صدر امبیڈکر نیشنل کانگریس کا جلسہ تعزیت

حیدرآباد میں  نواب کاظم علی خان صدر امبیڈکر نیشنل کانگریس کا جلسہ تعزیت

حیدرآباد _ 17 اکتوبر ( پریس ریلیز) آل انڈیا صوفی علما کونسل کے زیراہتمام نواب کاظم علی خان صدر امبیڈکر نیشنل کانگریس کا جلسہ تعزیت میڈیا پلس آڈیٹوریم حیدرآباد میں منعقد کیاگیا۔اس موقع پر ان کی ملی اور سماجی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے طاہر رومانی سینئر صحافی و صدر جلسہ نے کہا کہ نواب کاظم علی خان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں جنہوں نے خاموشی کے ساتھ بلاتفریق مذہب  وملت ہر انسان کی دستگیری کی۔سماج کے ہر شعبہ سے وابستہ مستحق افراد کی خاموشی کے ساتھ وہ مدد کرتے رہے۔ان کے انتقال سے ملت ایک مخلص شخصیت سے محروم ہوگئی ہے۔جلسہ تعزیت سے خطاب کرتے ہوئے جناب ایم اے ماجد رکن پریس کونسل آف انڈیا نے کہا کہ نواب کاظم علی خان جیسے لوگ بہت کم ہوتے ہیں۔ اس دنیا سے جانے کے بعد بھی لوگوں کے دلوں میں وہ باقی رہتے ہیں۔انہوں نے اعلان کیا کہ تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس فیڈریشن کی جانب سے ماہ نومبر کا خصوصی شمارہ شائع کیاجائے گا جس میں نواب کاظم علی خان کی خدمات کا احاطہ کیاجائے گا۔صلاح الدین نیر نے اس موقع پر نواب کاظم علی خان کو خراج پیش کرتے ہوئے کہاکہ نواب کاظم علی خان ہمہ جہت شخصیت کے مالک تھے۔ان کے نام پر ایک ادبی بزم قائم کرتے ہوئے ان کی یاد کو باقی رکھاجاسکتا ہے۔ان کی اس تجویز پر صدر آل انڈیا صوفی علما کونسل حکیم صوفی سید شاہ خیرالدین قادری نے اعلان کیا کہ عنقریب ایک اجلاس منعقد کرتے ہوئے ان کے نام سے ایک بزم کو قائم کیاجائے گا اور اس کے زیراہتمام ادبی محافل اور اردو کی ترقی کے لئے جدوجہد کی جائے گی۔اس جلسہ کو احمد صدیقی،حافظ محمد علی خان کے علاوہ دیگر نے بھی خراج پیش کیا۔

Post source : Press release