November 26, 2020

جمہوریت کی بقاء کیلئے عوام کا تعاون ناگزیر۔حق رائے دہی سے استفادہ کے ذریعہ پولنگ کا فیصد بڑھایا جائے: ایم اے مجیب ایڈوکیٹ

جمہوریت کی بقاء کیلئے عوام کا تعاون ناگزیر۔حق رائے دہی سے استفادہ کے ذریعہ پولنگ کا فیصد بڑھایا جائے: ایم اے مجیب ایڈوکیٹ

حیدرآباد _21 نومبر ( پریس ریلیز) صدر بزم رحمت عالم ایم اے مجیب سینئر ایڈوکیٹ تلنگانہ ہائی کورٹ نے کہا کہ جمہوریت کی بقاء کیلئے عوام کا تعاون ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں ووٹ عوام کا قیمتی ہتھیار ہے جس کے ذریعہ ہم اپنے پسندیدہ لیڈر کو نمائندہ کے طورپر منتخب کرسکتے ہیں۔ایم اے مجیب ایڈوکیٹ نے کہا کہ موجودہ حالات میں ووٹ کے استعمال کی اہمیت مزید بڑھ جاتی ہے کیونکہ اگر آپ ووٹ کا استعمال نہیں کرتے ہیں اور کوئی بھی غیر ذمہ ار اور نامناسب فرد منتخب ہوجاتا ہے تو عوام کو پانچ سال تک مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ووٹ کے استعمال کے تعلق سے عوام کی سردمہری باعث تشویش ہے۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے 150 وارڈس کیلئے یکم ڈسمبر کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔ضرورت اس بات کی ہے کہ عوام حق رائے دہی سے استفادہ کریں۔ گزشتہ دو انتخابات کے دوران یہ بات دیکھنے میں آئی ہے کہ گریٹر حیدآبادمیونسپل کارپوریشن میں رائے دہی کا تناسب 40 تا 45 فیصد کے درمیان رہا۔زائد از نصف رائے دہندوں نے اپنے حق رائے دہی سے استفادہ نہیں کیا۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے حدود میں تقریباً 74 لاکھ رائے دہندے ہیں اگر نصف رائے دہندے حق رائے دہی سے استفادہ نہیں کرتے ہیں تو اس کا مطلب یہ ہے کہ تقریباً 35 لاکھ سے زائد ووٹرس اپنے ووٹ کے استعمال کے تعلق سے سرد مہری کا مظاہرہ کررہے ہیں۔یہ بات جمہوریت کی بقاء کیلئے نقصاندہ ہے۔انہوں نے کہا کہ حق رائے دہی کے استعمال کے ذریعہ عوام اپنی موجودگی کا احساس دلائیں اور اپنے پسندیدہ عوام کے خدمت گزار نمائندوں کو منتخب کریں تاکہ تمام وارڈس کی ہمہ جہت ترقی ہوسکے۔اگر ہم یکم ڈسمبر کو اپنے حق رائے دہی سے استفادہ کرنے میں کوتاہی کا مظاہرہ کریں گے تب ہمیں اس کا خمیازہ آئندہ پانچ سالوں تک بھگتنا پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ رائے دہندے بہر صورت اپنے حق رائے دہی سے استفادہ کریں اور ووٹنگ کے فیصد میں اضافہ کو یقینی بنائیں۔

Post source : Press release