January 16, 2021

جگتیال ضلع میں رونگٹے کھڑا کردینے والی واردات_ سسرال والوں نے داماد کو زندہ جلا ڈالا !

جگتیال ضلع میں رونگٹے کھڑا کردینے والی واردات_ سسرال والوں نے داماد کو زندہ جلا ڈالا  !

جگتیال _24 نومبر ( اردو لیکس) جگتیال ضلع میں رونگٹے کھڑے کرنے والی واردات میں سسرالی رشتہ داروں نے ایک شخص کو کالاجادو کے نام پر زندہ جلادیا۔یہ  واردات تلنگانہ کے ضلع جگتیال کے ملیال منڈل کے بلونتا پور گاوں میں پیش آئی۔اس نوجوان کی شناخت  حیدرآباد کے الوال کے رہنے والے 35سالہ سافٹ ویر انجینئر پون کے طورپر کی گئی ہے جس کو اس کے سسرالی رشتہ داروں نے مکان میں جسم پر پٹرول ڈال کر زندہ جلادیا جس کے نتیجہ میں اس کی موت ہوگئی۔یہ شخص بنگالورو میں سافٹ ویر انجینئر کے طورپر خدمات انجام دیتا تھا۔چند سال پہلے اس کی شادی بلونتا پور گاوں کی رہنے والی کرشنا وینی کے ساتھ ہوئی تھی تاہم 12دن پہلے اس کے برادر نسبتی جگن کی دل کا دورہ پڑنے سے موت ہوگئی جس پر وہ سسرالی رشتہ داروں کو پُرسہ دینے کے لئے پیر کو بلونت پور گیا۔ایک ہفتہ پہلے ہی اس کی بیوی اپنے مائیکے آئی تھی۔اس کے سسرال پہنچنے پر اس کے برادر نسبتی جگن کی بیوی،جگن کے بھائی وجئے اور دیگر اراکین خاندان نے الزام لگایا کہ پون کی جانب سے کالا جادو کرنے کے نتیجہ میں ہی جگن کی موت ہوئی ہے۔اس مسئلہ پر ان کاپون سے جھگڑا ہوا۔پیر کی شب مکان کے ایک کمرہ میں پون کو اس کے سسرالی رشتہ داروں کی جانب سے پٹرول ڈال کر زندہ جلادیاگیا۔وجئے مکان سے متصل مندر کا پجاری ہے۔مکان میں جھگڑا اور پھر آگ دیکھ کر پڑوسیوں نے پولیس کو اطلاع دی جس کے بعد پولیس وہاں پہنچی تاہم تب تک پون زندہ جھلس گیا تھا۔پولیس نے جگن کی بیوی،جگن کے بھائی وجئے کو حراست میں لے لیا۔پون کی بیوی سے بھی پولیس پوچھ گچھ کررہی ہے۔

Post source : urduleaks