January 16, 2021

پٹنہ میں اردو یونیورسٹی کے زیر نگرانی تربیتی پروگرام کا اختتام۔ جناب قیوم انصاری اور ندیم نور کی مخاطبت

پٹنہ میں اردو یونیورسٹی کے زیر نگرانی تربیتی پروگرام کا اختتام۔ جناب قیوم انصاری اور ندیم نور کی مخاطبت

حیدرآباد، 25 نومبر (پریس نوٹ) متبادل تدریسی طریقوں کے ذریعے مدرسوں میں ترقی پسند اور پائیدار تبدیلی لانے کے تصور کو عملی جامہ پہنانے اقوام متحدہ پاپولیشن فنڈ (یو این ایف پی اے) کی کوشش نہایت ہی قابل ستائش ہے۔ ماسٹر ٹرینرز اور سہولت کنندگان کو موثر تربیت فراہم کرنے میں مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کا تعاون قابل تقلید اقدام ہے۔ جناب عبدالقیوم انصاری، صدر نشین بہار مدرسہ تعلیمی بورڈ نے کل پٹنہ میں ماسٹر ٹرینرس کے تربیتی پروگرام کے اختتامی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ 18 نومبر کو شروع ہونے والے یو این ایف پی اے – مانو تعلیمی پروگرام برائے نوبالغان (اے ای پی) کا سات روزہ ریاستی سطح کا تربیتی پروگرام کل اختتام پذیر ہوا۔جناب عبدالقیوم نے یاددلایا کہ اسلامی تعلیمات کے آغاز میں ”پڑھنے“ اور ”جاننے“ کا حکم دیا گیا ہے۔
تربیتی پروگرام کا انعقاد 48 ماسٹر ٹرینرز اور فیلسٹیٹرس (سہولت کنندگان) کو تربیت دینے کے لئے کیا گیا تھا جو مزید 1000 مدرسہ اساتذہ کو تربیت دیں گے۔ بہار کے تمام مدرسوں میں بہار اسٹیٹ مدرسہ ایجوکیشن بورڈ کی قیادت میں اے ای پی پر عمل کیا جارہا ہے۔ اس پروگرام میں نوعمر طلبہ کو بااختیار بنانے، ان کی صلاحیتوں میں اضافہ کرنے اور انہیں ذمہ دار شہری بنانے پر توجہ دی گئی ہے۔ پروگرام میں 40 مدارس کو ایک بینر کے تحت وسائل کے مراکز بنانے پر غور کیا گیا ہے جو طلبہ کی تربیت ، ان سے مشاورت اور تخلیقی اظہار کے لئے تکنیکی مرکز کا کام کریں گے۔
بہار میں یو این ایف پی اے کے سربراہ ڈاکٹر محمد ندیم نور نے کہا کہ اقوام متحدہ آبادی فنڈ کا تربیتی پروگرام پولیو ٹیکہ اندازی کے بعد پیشہ ور افراد کے ذریعہ مسلمانوں کے لیے انجام پانے والا دوسرا سب سے بڑا پروگرام ہے۔ تعلیم نوبالغان پراجیکٹ کا تصور اور اسے عملی شکل دینا آسان نہیں تھا۔ لیکن نظر انداز کردہ طبقات کی خدمت کے جذبے نے مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی، حیدرآباد؛ جامعہ ملیہ اسلامیہ، دہلی ؛ بہار مدرسہ بورڈ اور یو این ایف پی اے سمیت تمام اداروں کو یکجا کرنے میں نمایاں رول ادا کیا۔
پروجیکٹ ڈائرکٹر ، پروفیسر محمد شاہد ، مانو نے پروگرام کے مقصد کی طرف توجہ دلاتے ہوئے تمام ٹرینرز سے مستعدی اور دیانتداری کے ساتھ اپنے میدان میں جٹ جانے کی درخواست کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ پروگرام پر موثر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لئے مستقبل میں بھی ایسی تربیت جاری رکھی جائے گی۔
جناب حسن وارث ، سینئر کنسلٹنٹ، یو این ایف پی اے اور پروگرام مینیجر ، نیہا ملک بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ڈاکٹر شفاعت احمد ، ڈاکٹر فخرالدین علی احمد ، ڈاکٹر چاند انصاری ، ڈاکٹر محمد افروز عالم ، جناب سونو رزاق، جناب شفیق احمد اور ڈاکٹر افروز انصاری تربیت فراہم کرنے والوں میں شامل تھے جنھوں نے کامیابی کے ساتھ تربیت کا انعقاد کیا۔جناب محمد اسرار عالم نے تربیتی پروگرام کی رپورٹ پیش کی اور کاروائی چلائی۔ پروفیسر فیض احمد ، پرنسپل سی ٹی ای ، دربھنگہ، مانو اور اے ای پی پروجیکٹ کوآرڈینیٹر نے شکریہ ادا کیا۔

Post source : Press release