اسپشل اسٹوری

بلقیس بانو کون ہیں، 2002 میں ان کے ساتھ کیا ہوا؟

حیدرآباد _18 اگست ( اردولیکس ڈیسک) گزشتہ تین دنوں سے ملک بھر کے اخبارات،  نیوز چینل اور سوشل میڈیا پر ایک مسلم خاتون ” بلقیس بانو ” کے نام پر کئی خبریں گشت کررہی ہیں اور اس خاتون کی تائید میں کئی اپوزیشن جماعتوں کے قائدین، مذہبی اور رضاکارانہ تنظیموں کے ذمہ دار بیانات دے رہے ہیں بلقیس بانو کون ہیں اور ان کے ساتھ کیا ہوا؟ اور کیوں ہورہا ہے اتنا ہنگامہ

فروری 2002 میں گودھرا واقعہ کے بعد گجرات کے کئی مقامات پر مسلمانوں کی نسل کشی کی گئی تھی اس دوران ریاست کے دیہی علاقوں میں رہنے والے کئی مسلم خاندان اپنی جان کو بچانے کے لئے گھر دار چھوڑ کر گاؤں سے بھاگ گئے تھے 28 فروری 2002 کو بلقیس بھی اپنے خاندان کے دیگر افراد کے ساتھ داہود ضلع کے اپنے گاؤں رادھیک پور سے فرار ہو گئی تھی

بلقیس کے ساتھ اس کی بیٹی صالحہ، جو اس وقت ساڑھے تین سال کی تھی، اور اس کے خاندان کے دیگر 15 افراد بھی تھے۔ چند روز قبل بقرعید کے موقع پر ان کے گاؤں میں آتش زنی اور لوٹ مار کے خوف سے وہ فرار ہو گئے۔

3 مارچ 2002 کو یہ خاندان چھپرواڈ گاؤں پہنچا۔پولیس کی چارج شیٹ کے مطابق، ان پر درانتیوں، تلواروں اور لاٹھیوں سے لیس تقریباً 20-30 لوگوں نے حملہ کیا۔ حملہ آوروں میں 11 ملزمین بھی شامل تھے جنھوں نے بلقیس، اس کی ماں اور تین دیگر خواتین کے ساتھ عصمت ریزی اور وحشیانہ حملہ کیا تھا۔ اس حملے میں صرف بلقیس، ایک شخص اور ایک تین سالہ بچہ بچ گئے۔

بلقیس حملے کے بعد کم از کم تین گھنٹے تک بے ہوش رہی۔ ہوش میں آنے کے بعد، اس نے ایک قبائلی عورت سے کپڑے لیے، اور ایک ہوم گارڈ سے ملاقات کی جو اسے لمکھیڑا پولیس اسٹیشن لے گیا۔ اس نے ہیڈ کانسٹیبل سومابھائی گوری کو سارے واقعہ کی شکایت کی لیکن ہیڈ کانسٹیبل گوری نے بلقیس بانو کے بیان کو غلط انداز میں تحریر کیا تاکہ ملزمین کو بچایا جا سکے۔بعد میں سی بی آئی تحقیقات کے دوران ہیڈ کانسٹیبل گوری کو اس کیس میں مجرم بنایا گیا۔

بلقیس کو گودھرا ریلیف کیمپ پہنچنے کے بعد ہی طبی معائنے کے لیے سرکاری ہاسپٹل لے جایا گیا۔ اس کا مقدمہ قومی انسانی حقوق کمیشن اور سپریم کورٹ نے اٹھایا، جس نے سی بی آئی کو تحقیقات کا حکم دیا۔بلقیس بانو کو جان سے مارنے کی دھمکیاں ملنے کے بعد مقدمے کی سماعت گجرات سے باہر مہاراشٹر منتقل کر دی گئی۔ ممبئی کی عدالت میں چھ پولیس عہدیداروں اور ایک سرکاری ڈاکٹر سمیت 19 افراد کے خلاف الزامات عائد کیے گئے۔

 

جنوری 2008 میں، ایک خصوصی عدالت نے 11 ملزمان کو حاملہ خاتون کی عصمت دری، قتل، غیر قانونی اجتماع، اور تعزیرات ہند کی دیگر دفعات کے تحت الزامات کے تحت مجرم قرار دیا۔ ہیڈ کانسٹیبل کو ملزم کو بچانے کے لیے "غلط ریکارڈ بنانے” کا مجرم قرار دیا گیا۔عدالت نےثبوت نہ ہونے کی بنا پر سات دیگر افراد کو بری کر دیا۔ مقدمے کی سماعت کے دوران ایک شخص کی موت ہو گئی۔جن کو سزا سنائی گئی ان میں رادھیشیام شاہ، بپن چندر جوشی، کیسر بھائی ووہنیا، پردیپ ووہنیا، بکا بھائی ووہنیا، راجو بھائی سونی، نتیش بھٹ، رمیش چندنا، اور ہیڈ کانسٹیبل سوما بھائی گوری شامل ہیں۔۔اپریل 2019 میں سپریم کورٹ نے گجرات حکومت کو بلقیس کو دو ہفتوں کے اندر 50 لاکھ روپے معاوضہ دینے کا حکم دیا۔ اس نے معاوضہ قبول کرنے سے انکار کر دیا تھا، اور سپریم کورٹ کے سامنے ایک عرضی میں ریاستی حکومت سے مثالی معاوضے کی مانگ کی تھی۔

15 اگست کو مجرموں کو کیوں رہا کیا گیا؟

گجرات کے ایڈیشنل سیکرٹری کمار کے مطابق عمر قید کی سزا کا مطلب ہوتا ہے جیل میں 14 برس گزارنا اور اتنی مدت گزارنے کے بعد کوئی بھی مجرم اپنی رہائی کے لیے درخواست دے سکتا ہے اور حکومت متعلقہ حکام سے صلاح و مشورے کے بعد اسے رہا کر سکتی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ گیارہ میں سے ایک قصور وار نے مئی میں سپریم کورٹ میں عرضی دائر کی تھی، جس پر عدالت نے ریاستی حکومت کو غور کرنے کی ہدایت کی تھی۔

 

کمار نے بتایا کہ ریاستی حکومت نے ایک کمیٹی تشکیل دی، جس نے تمام گیارہ مجرموں کی درخواستوں پر غور کیا، جس کے بعد جسونت نائی، گووند نائی، شیلیش بھٹ، رادھے شیام شاہ، بپن چندرا جوشی، کیسر بھائی ووہانیا، پردیپ موردھیا، باکابھائی ووہانیا، راجو بھائی سونی، متیش بھٹ اور رمیش چاندنا کو رہا کر دیا گیا۔

 

 

متعلقہ خبریں

Back to top button