March 05, 2021

تلنگانہ سیکریٹریٹ میں مساجد کی تعمیر کی سنگ بنیاد تقریب ملتوی

تلنگانہ سیکریٹریٹ میں مساجد کی تعمیر کی سنگ بنیاد تقریب ملتوی

حیدرآباد _22 فروری ( اردولیکس) تلنگانہ سیکریٹریٹ میں مساجد کی تعمیر کے سنگ بنیاد کی تقریب ملتوی کردی گئی ہے وزیر داخلہ محمد محمود علی نے کہا کہ حکومت نے سکریٹریٹ میں مساجد کی تعمیر کا سنگ بنیاد26 فروری  کو رکھنے کا وعدہ کیا تھا  مگر حیدرآباد اور دیگر اضلاع میں قانون ساز کونسل کے انتخابات کے پیش نظر انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ ہے جس کی وجہ سے سنگ بنیاد کو ملتوی کیاجارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت اپنے وعدہ پر پابند ہے اور اپنے وعدے کو پورا کرے گی۔ وزیر اعلیٰ کے چندرا شیکھر راؤ ابتداء سے یہ کہہ رہے ہیں کہ سکریٹریٹ کی مساجد کو عالیشان طور پر بنایا جائے گا اور اس کی ذمہ داری مسلم کمیٹی کو دی جائے گی۔ اس کے علاوہ  مسجد کےامام کے قیام کے لیے ایک کمرہ بھی بنایا جائے گا۔ وزیر داخلہ نے کہاکہ سکریٹریٹ کی  عمارتوں کی تعمیر ات کا کام شروع ہوچکا ہے۔ 26 فروری کو مساجد کا سنگ بنیاد رکھنے کے انتظامات کئے جاچکے تھے ۔مگر کونسل انتخابات کے دوران مساجد کے سنگ بنیاد سے انتخابی ضابطہ کی خلاف ورزی ہوگی، اس لئے اس عمل کو الیکشن کوڈ کے اختتام تک ملتوی کیا گیا ہے  وزیر داخلہ محمد محمود علی نے کہا کہ الیکشن کوڈ ختم ہونے کے بعد علماء کرام کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے سنگ بنیاد رکھنے کی نئی تاریخ طئے کی جائے گی۔