پداپلی کار حادثہ میں ہلاک سونے کے تاجروں کا سونا چوری _ ایمبولنس کا عملہ نکلا چور

پداپلی _24 فروری( اردولیکس)پداپلی ضلع کے ملیال پلی کے قریب پیش آئے سڑک حادثہ کے بعد لاپتہ سونے کا پتہ پولیس نے چلالیا ہے جس کو  ایمبولنس کے ٹیکنیشن اور ڈرائیور نے چوری کرلیا تھا پولیس نے ان کے پاس سے 2 کلو 300 گرام سونا  حاصل کرلیا۔ سونے کے تاجر 5.6کیلو سونا جس کی مالیت ایک کروڑ روپئے ہے کے ساتھ کار میں جارہے تھے کہ راماگنڈم کے قریب ان کی کار حادثہ کا شکارہوگئی۔یہ حادثہ گذشتہ روز صبح کی اولین ساعتوں میں پیش آیا تھا۔میڈیا سے بات کرتے ہوئے راماگنڈم کے کمشنر پولیس ستیہ نارائنا نے کہاکہ ایمبولنس ڈرائیور جی لکشماریڈی اور ایمرجنسی ٹکنیشین تاج الدین نے کچھ سونا پولیس کے حوالے کیا تھا اور بقیہ سونا چھپالیا تھا۔ کمشنر پولیس نے کہاکہ یہ سونا ان دونوں کے پاس سے برآمد کرتے ہوئے گرفتار کرلیا گیا۔انھوں نے کہا کہ حادثہ میں ہلاک سونے کے تاجروں کے خاندانوں کو مناسب دستاویزات پیش کرنے کے بعد حوالہ کیاجائے گا۔سونے کے دو تاجر 55سالہ کے سرینواس راو اور 45سالہ رام بابو، ضلع کے ملیالاپلی گاوں کے قریب ان کی تیز رفتار کار کے الٹ جانے کے حادثہ میں ہلاک ہوگئے تھے۔ان کا تعلق پڑوسی ریاست اے پی کے گنٹور ضلع سے ہے۔وہ تلنگانہ میں سونے کے تاجروں کو سونا فروخت کیا کرتے تھے۔اس حادثہ کے ساتھ ہی ایمبولنس اسٹاف وہاں پہنچا جس نے کار میں پائے گئے زیورات کو پولیس کے حوالے کردیا تاہم بقیہ 2.3کیلو سونا کا پتہ نہیں چل پایاتھا۔یہ تاجر اپنے ساتھ 5.6کیلو سونے کے ساتھ جارہے تھے۔