رکن کونسل کویتا کی زیر قیادت اراکین کونسل کے وفد کی وزیر دیاکر راؤ سے ملاقات

 

حیدرآباد۔ 24؍ فروری (اردولیکس )رکن قانون ساز کونسل کے کویتا کی زیر قیادت ٹی آر ایس اراکین کونسل کے ایک وفد نے ریاستی وزیر پنچایت راج، دیہی ترقیات اور دیہی آبی سربراہی ایرابلی دیاکر راؤ سے منسٹرس کوارٹرس، بنجارہ ہلز حیدرآباد پر ملاقات کی اور مجالس مقامی سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وفد نے وزیر موصوف سے زیڈ پی ٹی سی اور ایم پی ٹی سی کیلئے مزید فنڈز مختص کرنے اور مجالس مقامی کو مزید اختیارات دینے کی درخواست کی۔ اراکین کونسل نے اس ضمن میں وزیر دیاکر راؤ کو ایک میمورنڈم بھی پیش کیا جس میں مجالس مقامی کے مفادات کے تحفظ، اسے درپیش مسائل کے بشمول 16 نکات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ رکن کونسل بھانو پرساد نے وزیر کو میمورنڈم پیش کرتے ہوئے مجالس مقامی میں زیڈ پی ٹی سی اور ایم پی ٹی سی کو مزید اختیارات دینے اور فنڈز میں اضافہ کرنے کا مطالبہ کیا۔ وزیر موصوف نے وفد کی درخواست کی بغور سماعت کی اور وزیر اعلیٰ کے چندرشیکھر راؤ سے اس ضمن میں نمائندگی کرنے کا تیقن دیا۔ رکن کونسل بھانو پرساد نے کہا کہ اراکین کونسل کا وفد جلد وزیر اعلیٰ کے چندرشیکھر راؤ اور وزیر بلدی نظم و نسق و آئی ٹی کے ٹی راما راؤ سے بھی جلد ملاقات کرے گا اور اس ضمن میں نمائندگی کرے گا۔

رکن کونسل بھانو پرساد نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ کے چندرشیکھر راؤ کی قیادت میں ریاست کا دیہی منظر نامہ تبدیل ہوچکا ہے تمام علاقوں میں زبردست پیشرفت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس دور حکومت میں دیہاتوں کی ترقی، عوامی بہبود اور زراعت کے استحکام کیلئے مختلف اسکیمات متعارف کی گئ ہیں جس میں رعیتو بندھو، رعیتو بیما، کلیانہ لکشمی، شادی مبارک، آسرا پنشن شامل ہیں جس سے دیہی معیشت کو زبردست فروغ حاصل ہوا ہے۔

وزیر پنچایت راج، دیہی ترقیات ایرابلی دیاکر راؤ سے نمائندگی کرنے والے وفد میں رکن کونسل کلواکنٹلہ کویتا کے علاوہ ٹی آر ایس کے دیگر اراکین کونسل ٹی بھانو پرساد راؤ، پوچاپلی سرینواس ریڈی، وی بھوپال ریڈی، کاسی ریڈی نارائن ریڈی، کوچکولا دامودر ریڈی، تیراچناپا ریڈی، پورانم ستیش کمار اور دیگر بھی موجود تھے۔