تلنگانہ حکومت کو ہائیکورٹ کا جھٹکہ۔ رکا ہوا ہیلت بلیٹن روز جاری کرنے کا حکم

حیدرآباد 25 فروری (اردولیکس) تلنگانہ ہائی کورٹ نے جمعہ سے کورونا ہیلت بلیٹن دوبارہ جاری کرنے کی ریاستی حکومت کو ہدایت دی ہے جس کو ریاستی محکمہ صحت نے روک دیا تھا۔عدالت نے ریاست میں کورونا کی صورتحال کاآج تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے حکومت کو واضح طورپر ہدایت دی کہ اس بلیٹن کو روزانہ کی اساس پر جاری کیاجائے۔ عدالت نے ساتھ ہی کل سے ریاست میں سیرم سروے کرنے کی بھی ہدایت دی ہے۔عدالت نے کہا کہ سیرم سروے رپورٹ کی سفارشات پر عمل کرنے کے اقدامات کرنے چاہئے۔عدالت نے یہ بھی کہا کہ ریاست میں ٹیکہ اندازی کی مہم کی بڑے پیمانہ پر تشہیر کی جائے۔واضح رہے کہ ریاستی محکمہ صحت نے روزانہ جاری کئے جانے والے ہیلٹ بلیٹن کو یہ کہتے ہوئے روک دیاتھا کہ ریاست میں کورونا کے معاملات میں کمی ہوئی ہے اور اب محکمہ صحت ٹیکہ اندازی کی مہم پر توجہ مرکوز کررہا ہے۔محکمہ نے تاہم کہا تھا کہ وہ ہفتہ میں ایک مرتبہ کورونا کا ہیلت بلیٹن جاری کرے گا۔عدالت نے آج ریاستی حکومت کو ہدایت دی کہ وہ روزانہ جاری کئے جانے والے بلیٹن کے سلسلہ کو جاری رکھے۔