تلنگانہ میں ٹی آر ایس کی ریکارڈ رکنیت سازی مہم : رکن کونسل کویتا

 

کریم نگر / جگتیال 25 ،فروری(۔ پریس ریلیز)ٹی آر ایس حکومت کی فلاحی اسکیمات سے عوام بخوبی واقف ہیں اور یہی وجہ ہے کہ پارٹی کی مقبولیت میں نہ صرف ریاست بلکہ ملک بھر میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے۔ ان خیالات کااظہار رکن قانون سازکونسل کلواکنٹلہ کویتا نے کریم نگر میں منعقدہ رکنیت سازی پروگرام میں شرکت کرتے ہوئے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلع عادل آباد کے ایک گاﺅں کی صد فیصد عوام نے ٹی آر ایس پارٹی کی رکنیت حاصل کی۔ ہر حلقہ میں پہلے کی نسبت ریکارڈ سطح پر رکنیت سازی جاری ہے۔رکن کونسل نے مزید بتایا کہ ریاست میں منعقدہ ایم ایل سی انتخابات میں ٹی آر ایس پارٹی کی جیت یقینی ہے۔کے۔ کویتا کے کریم نگر پہنچے پر ٹی آر ایس قائدین کی جانب سے ان کا پرتپاک استقبال کیاگیا ۔بعد ازاں رکن کونسل جگتیال کے لئے روانہ ہوئیں۔ راستے میں کویتا نے مقامی خواتین کے ہمراہ بتھکماں کھیلا اور لطف اندوز ہوئیں۔ بعد ازاں انہوں نے کنڈاگٹو اور کوتہ پیٹا منادر کے درشن کئے۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ نائب صدرنشین پلاننگ کمیشن بی ونود کمار، جگتیال رکن اسمبلی ڈاکٹر ایم سنجے کمار ، چپہ ڈنڈی رکن اسمبلی روی شنکر کے علاوہ جگتیال بلدیہ چیر پرسن ڈاکٹر بوگاشراونی پروین، ضلع پریشد چیر پرسن سریش و دیگر موجود تھے ۔رکن کونسل کویتا سے ملاقات کے لئے عوام کا اژدھام دیکھا گیا۔ انہوں نے ہر ایک سے ملاقات کی اور ان کے مسائل کی بغور سماعت کرتے ہوئے ان کی عاجلانہ یکسوئی کا تیقن دیا۔ دختر وزیراعلیٰ و رکن کونسل کویتا کا رکن اسمبلی ڈاکٹر ایم سنجے کمار، اقلیتی قائدین امین الحسن محمد جنید عبدالمحسن وائس چیر مین زرعی ماکٹ کمیٹی جگتیال نے گلدستہ پیش کرتے ہوئے استقبال کیا۔