مارچ یا اپریل میں پٹرول کی قیمتوں میں کمی آنے کا امکان: وزیر پٹرولیم

نئی دہلی_ 28 ،فروری ( اردولیکس)  پٹرول کی قیمتیں روز بروز بڑھتی جارہی ہیں۔ کئی ریاستوں میں فی  لیٹر پٹرول کی قیمت 100 روپے کو عبور کر چکی ہے۔ عام لوگوں کو اس سے کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ایسے میں مرکزی وزیر پٹرولیم  دھرمیندر پردھان نے قیمتوں میں اضافے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ  قیمتوں میں کمی کب ہوگی یہ واضح نہیں ہے۔ لیکن  آنے والے مہینے مارچ یا اپریل میں قیمتوں میں کمی آنے کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ  خام تیل پیدا کرنے والے ممالک پیداوار میں جان بوجھ کر کمی کررہے ہیں جس کی وجہ سے پٹرولیم اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ روس ، قطر اور کویت جیسے ممالک پر دباؤ ڈال رہے ہیں کہ وہ اپنی پیداوار میں اضافہ کریں۔

وزیر دھرمیندر پردھان نے کہا کہ اگر پیداوار میں اضافہ ہوا تو خام تیل کی فی بیرل کی قیمت میں کمی آجائے گی۔  اس کے ساتھ ہی ملک میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان ممالک نے گذشتہ سال اپریل میں پیداوار کم کردی تھی  طلب میں  اضافے کے باوجود وہ پیداوار میں اضافہ نہیں کررہے ہیں۔