تیندوے سے نہتے لڑنے والے شخص نے بتایا کیا ہوا تھا اس دن؟ کیسے کیا اس نے جنگلی جانورسے مقابلہ؟

بنگلور یکم مارچ (اردولیکس) تیندوے سے لڑتے ہوئے اپنی اوراپنی بیوی کی جان بچانے والے کرناٹک کے شخص نے اس دن کے واقعہ کی تفصیل بتائی کہ کیسے جانورنے ان پرحملہ کیا اورانھوں نے اسے کیسے ماردیا۔ 38 سالہ راج گوپال نائک نے بتایا کہ وہ گذشتہ پیرکو الورمیں رشتہ داروں کے مکان سے بیوی اوربیٹی کے ساتھ موٹرسائیکل پرگھرلوٹ رہا تھا کہ راستہ میں اچانک تیندوے نے ان کی گاڑی کا پیچھا کیا اورحملہ کرکے ان کی بیوی کا پاوں پکڑلیا جس کے ساتھ وہ تینوں بائیک سے گرپڑے۔ نائک نے کہا کہ میں نے بیٹی کو دورکھڑا کردیا اورتیندوے کو لاتوں سے مارنا شروع کردیا جس کے ساتھ ہی وہ میری بیوی کو چھوڑ کرمیری طرف بڑھا۔ میں نے بیوی اوربیٹی سے کہا کہ وہ وہاں سے بھاگ جائیں کیونکہ میں یہ چاہتا تھا کہ میری جان جاتی ہے تو جائے لیکن بیوی اوربیٹی بچ جائیں۔ تیندوا مجھ پرمسلسل حملہ کررہا تھا قریب 25 منٹ تک اس سے لڑتے ہوئے میں نے اسے ماردیا۔ اس دوران میری بیٹی قریب کے گاوں والوں کو لے آئی۔ تیندوے کے حملہ میں زخمی نائک ہاسپٹل میں زیرعلاج تھے اب ان کی طبعیت ٹھیک بتائی گئی ہے۔