ایس ایس سی امتحانی فیس کے ادخال کی آخری تاریخ میں 5 مارچ تک توسیع

 

*پی آئی جے اے سی کی رکن کونسل کویتا اور ڈی ایس ای سے کامیابی نمائندگی*

حیدرآباد۔ 27 فروری ( پریسریلیز) پرائیویٹ انسٹی ٹیوشن جائنٹ ایکشن کمیٹی (پی آئی جےاے سی ) کے اراکین کی جانب سے رکن کونسل کلواکنٹلہ کویتا اور ڈائرکٹر اسکول ایجوکیشن (ڈی ایس ای ) سے کامیاب نمائندگی کے بعد ایس ایس سی امتحانات کیلئے فیس کے ادخال کی آخری تاریخ میں 5مارچ توسیع کردی گئی۔ اب طلباء بغیر کوئی دیرینہ فیس کے اپنے اپنے اسکول کے ہیڈ ماسٹر کے ذریعہ امتحانات کی فیس 5 مارچ تک داخل کرواسکتے ہیں۔ اسکول ہیڈ ماسٹرس کی جانب سے فیس کی ادائیگی اسٹیٹ بینک آف انڈیا کے کسی بھی برانچ کے ذریعہ کی جاسکتی ہے۔ ریاست میں ایس ایس سی امتحانات کا آغاز 17 مئی سے ہوگا اور 26 مئی تک جاری رہے گا اورکووڈ 19 کے سبب 11پیپرس کے بجائے صرف6 پیپرس ہوں گے۔ واضح رہے کہ پی آئی جے اے سی کے وفد نے سینئر ٹی آر ایس قائد و سابق چیرمین مائناریٹی کمیشن عابد رسول خان کی زیر قیادت 3 روز قبل ٹی آر ایس رکن کونسل کلواکنٹلہ کویتا سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کرتے ہوئے پرائیویٹ اسکول کو درپیش مختلف مسائل سے واقف کروایا تھا جس پر کویتا نے ان کی عاجلانہ یکسوئی کرنے کا تیقن دیا تھا اور محکمہ تعلیم کے ڈی ایس ای کو فون کرتے ہوئے ان کے افکارات سے واقف کروایا تھا ۔ ڈی ایس ای نےان کے مسائل سننے کے بعد آج یکم مارچ کو فیس ادخال کی آخری تاریخ میں5 مارچ تک توسیع کے احکامات جاری کئے۔ پی آئی جے اے سی کے وفد نے رکن کونسل کے۔ کویتا، وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی ، ٹی آر ایس قائد عابد رسول خان ، ڈی ایس ای دیواسینا، ڈائرکٹر امتحانات اے ستیہ نارائنا ریڈی کا شکریہ ادا کیا۔