موت کے 75دن بعد۔کھودی گئی قبر، نکالی گئی نعش

ایم اے ماجد کی رپورٹ 

 

 

کاماریڈی _ 3 ،مارچ ( اردولیکس) ایک خاتون کی نعش کو مرنے کے 75 دن بعد قبر سے نکال کر پوسٹ مارٹم کرنے کا واقعہ تلنگانہ کے کاماریڈی میں پیش آیا۔تفصیلات کے مطابق کاماریڈی کے اشوک نگر میں  اسما بیگم نامی خاتون اپنے شوہر کرشنا سوامی اور ماما شفیع کے ساتھ رہتی ہے اس گھر میں اسما کی ماں نجمہ بیگم بھی ان کے ساتھ قیام پذیر تھی بتایا جاتا ہے کہ  75 دن قبل نجمہ بیگم کی اچانک موت ہوگئی اور اسما کے شوہر اور سسر نے ہارٹ اٹیک سے نجمہ کی موت واقع ہونے کی وجہ بتاتے ہوئے اس کی تدفین کردی۔اس کے بعد سے اسما کا شوہر اور ماما اس پر ماں کے نام پر موجود جائیداد کو فروخت کرنے کے لئے دباؤ ڈال رہے تھے یہ دباؤ ان دنوں کچھ زیادہ ہوگیا۔جس پر اسما بیگم نے ماں نجمہ کی اچانک موت پر شک کیا اور پولیس میں شوہر اور ماما کے خلاف شکایت درج کروائی اور ماں کی موت کو قتل قرار دیا۔پولیس نے نجمہ کی نعش قبر سے نکال کر پوسٹ مارٹم کروایا۔رپورٹ کا انتظار ہے۔اس سلسلہ میں پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے