آن لائن شادی۔ موبائیل پرویڈیو کال کے ذریعہ پجاری نے پڑھے منتر

محبوب آباد 4 مارچ(اردولیکس) ریاست تلنگانہ کے ضلع محبوب آباد میں ایک جوڑے نے آن لائن شادی کی۔ موبائل میں ویڈیو کال کے ذریعہ پجاری نے منتر پڑھے اور یہ جوڑا شادی کے اٹوٹ بندھن میں بندھ گیا۔یہ واقعہ تلنگانہ کے ضلع محبوب آباد میں پیش آیا۔تفصیلات کے مطابق ضلع کے کیسمُدرم منڈل کے تاڑلہ پُوساپلی میں اوڈیشہ سے تعلق رکھنے والا کبیر داس اورکویتا مزدوری کیاکرتے تھے۔یہ دونوں کافی غریب ہیں اور ایک دوسرے سے محبت کرتے تھے جن کی شادی کروانے کیلئے محبوب آباد کے کونسلر روی نائک آگے آئے۔شادی کے انتظامات مندر میں کئے گئے تاہم عین مہورت کے وقت مندر کا پجاری دوسری مصروفیات کی وجہ سے نہیں آسکا جس پر روی نائک نے دوسرے مقامی پجاری کو فون کیا، اس پجاری نے فون پر منتر پڑھے اور یہ محبت کرنے والا جوڑا ایک ہوگیا۔