تلنگانہ کے وزیرداخلہ کے پوترے کے خلاف ریاگنگ کی شکایت۔ نوجوان نے کی تردید

مدھول 7 مارچ (اردولیکس) تلنگانہ کے وزیرداخلہ کے پوترے کے خلاف ریاگنگ کے نام پر پریشان کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے ایک طالب علم نے حیدرآباد کے پنجہ گٹہ پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی۔اتوار کے روز انجینئرنگ کے طالب علم ریان نے پولیس میں شکایت درج کروائی کہ وزیرداخلہ محمودعلی کے پوترے فرحان نے جو خانگی انجینئرنگ کالج میں بی ٹیک میں زیرتعلیم ہے اسےریاگنگ کے نام پر پریشان کررہا ہے جبکہ وزیر داخلہ کے پوترے فرحان نے اس پورے معاملہ کی تفصیلات سے میڈیا کو واقف کرواتے ہوئے کہا کہ ان کے خلاف جھوٹی شکایت درج کروائی گئی ہے۔ دو طلباء ایک لڑکی کے ساتھ بدسلوکی کررہے تھے جس پر انھوں نے اعتراض کیا تو ریان نے ان کے ساتھ بھی بد تمیزی کی۔ فرحان نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ان کے دادا وزیر داخلہ کے عہدے کا کبھی غلط استعمال نہیں کیا۔ اس دوران ان کے بھائی  نے کہا کہ کالج میں ہوئے معمولی جھگڑے کو بڑا دکھانے کی کوشش کی جارہی ہے اورسوشیل میڈیا پراسکی تشہیرکی جارہی ہے۔ ایم ایل سی انتخابات کے پیش نظردانستہ طورپربلیک میل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔