ہیلت

تلنگانہ میں انفلوئنزا کے کیسوں میں قدرے اضافہ _ لوگوں کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں: وزیر صحت ہریش راؤ

حیدرآباد _ ،8 مارچ ( اردولیکس) تلنگانہ کے وزیر صحت  ہریش راؤ نے کہا کہ لوگوں کو انفلوئنزا  کے کیسوں میں اضافہ سے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ مختلف ممالک اور ریاستوں میں انفلوئنزا کے کیسوں میں اضافے کے پیش نظر آج وزیر صحت کی جانب سے ایک اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ وزیر ہریش راؤ نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ ریاست کی صورتحال اور محکمہ صحت کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر حکام نے وزیر کو مختلف ممالک اور دیگر ریاستوں میں رپورٹ ہونے والے انفلوئنزا کے کیسوں کے بارے میں بتایا۔

 

بعد ازاں ہریش راؤ نے کہا کہ تلنگانہ میں انفلوئنزا  کی علامات میں مبتلا افراد کی تعداد میں قدرے اضافہ ہوا ہے۔ وہ تیز بخار، کھانسی  کے ساتھ دواخانوں میں آ رہے ہیں۔ ان علامات والے بچوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ تاہم، یہ واضح کیا گیا ہے کہ کسی میں بھی اتنی شدید علامات نہیں ہیں کہ انھیں علاج کے لیے ہاسپٹل میں داخل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اینٹی بائیوٹک ادویات کو غیر ضروری طور پر استعمال کرنے کی ضرورت نہیں  ۔ اسے صرف اس وقت استعمال کیا جانا چاہئے جب ڈاکٹر تجویز کریں۔

 

اس موقع پر وزیر ہریش راؤ نے کہا کہ لوگوں کو انفلوئنزا کے معاملات سے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ اگر آپ کو بخار، نزلہ، کھانسی،  جیسی علامات ہیں تو آپ کو  فوری قریبی سرکاری ہاسپٹل جانے اور علاج کرانے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر کی ہدایت کے مطابق ادویات کا استعمال کافی ہے۔

 

متعلقہ خبریں

Back to top button