انٹر نیشنل

ریاض، سعودی عرب میں عالمی نثری نشست کا انعقاد


جدہ _ 15 مارچ ( اردولیکس)انڈین فرینڈس سرکل (آئی ایف سی)ادبی فورم  ریاض، سعودی عرب کے ادبی شعبہ کی جانب سے ماہانہ عالمی نثری نشست کاآن لائن انعقاد عمل میں آیا۔آئی ایف سی ادبی فورم مشہور اور سرکردہ شعراء  و ادباء کی قدر دانی عزت و توقیر کے ساتھ ساتھ نئے ادباء  وشعراء کی حوصلہ افزائی اور تربیت کا کام بھی کرتا ہے۔ یہ چوتھا ماہانہ اجلاس تھا جس میں مختلف ممالک سے سامعین نے آن لائن شرکت کی، اردو ادب کایہ پروگرام کامیاب رہا۔ اجلاس میں صدارت کے لئے ڈاکٹر ماجد داغی (گلبرگہ) سابقہ رکن کرناٹک اردو اکاڈمی کو مدعو کیا گیاتھاجبکہ ڈاکٹر افروز عالم مہمان اعزازی تھے۔اس اجلاس میں حیدراباد سے ادارہ کے سابق صدر خواجہ مسیح الدین ابو نبیل، آئی ایف سی ادبی فورم کے سکریٹری سید اکرم علی اکرم اور کینڈاسے سید حشام احمدشامل رہے۔ ناظم اجلاس تنویر احمد تماپوری نے مہمانوں کا تعارف کروایا۔ محفل کی ابتداء تلاوت کلام پاک سے ہوئی۔ قتیبہ احسن  ابنِ ضیا ء عرشی نے سورۃ الکوثر کی تلاوت کی اور ترجمہ پیش کیا۔فیض الحسان عارفی نے مختصر  انشائیہ  "پاپا کا کوکر ” سنایا جس میں ہلکے پھلکے انداز میں روز مرہ کی گھریلو حکایات کو نئے تفاہیم میں پیش کیا جسے سامعین نے کافی پسند کیا۔  ضیاء عرشی نے حالات حاضرہ پر ایک افسانہ بعنوان "پٹنہ جنکشن ” پیش کیاجسے کافی سراہا گیا۔ کینڈاسے سید حشام احمد نے اپنی کتاب سے ایک مضمون ” کیا لکھوں ” پیش کیا۔  ادراہ  کے صدر طاہر بلال نے ایک سبق آموز اور سنجیدہ موضوع پر لکھا گیا افسانہ” آندولن ” پیش کیا۔ ناظم محفل تنویر احمد تماپوری نے اپنا ایک نمائندہ افسانہ "ریت کا پل” پڑھاجس میں مذہبی ٹھیکیداروں کی طرف سے روا رکھے جانے والے دوہرے میعار کو تعمیری تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ زکریا سلطان نے ہندوستان کے موجودہ حالات پر ایک انشائیہ ” ہم کو تم سے ہوگیا ہے پیار ” پڑھا۔ آخر میں ادارہ  کے سابق صدر افسانہ نگار خواجہ مسیح الدین ابو نبیل نے اصلاحی افسانہ "اجنبی پاسبان”کے نام سے پیش کیا جس میں موجود سماجی اور اصلاحی پہلو کو کافی سراہا گیا۔ مہمان اعزازی ڈاکٹر افروز عالم نے "ہندی اردو غزل”پر ایک مدلل اور سیر حاصل مضمون سنایا، آخر میں صدرمحفل ڈاکٹر ماجد داغی نے اپنے صدارتی خطاب میں مختصر اور جامع قسم کا تبصرہ پیش کیا۔ عصری افسانہ عموماً اور خصوصا اس محفل میں پیش کئے گئے افسانوں اور انشائیوں پر تفصیلی بات ہوئی۔ اردوادب کی اس خصوصی اور کامیاب نشست کے انعقاد کے لئے صدر محفل ڈاکٹر ماجد داغی نے ادارہ کے صدر طاہر بلال، جنرل سکریٹری سید اکرم علی اکرم، ضیا ء عرشی شریک معتمد، حسان عارفی خازن اور تنویر احمد تماپوری کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور مستقبل میں آئی ایف سی کے کسی اور پروگرام میں شرکت کی خواہش کا اظہارکیا۔ تنویر احمد تماپوری نے اختتامی کلمات میں تمام مہمانوں، منتظمین، شرکاء  و سامعین کا شکریہ ادا کرکے محفل کے اختتام کا اعلان کیا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button