جنرل نیوز

استاذ الاساتذہ حضرت مولانا نظام الدین اصلاحی صاحب کا سانحہ ارتحال

مدرسۃ الاصلاح سرائے میر اور جماعت اسلامی ہند کا روشن ستارہ غروب ہوگیا ۔استاذ الاساتذہ حضرت مولانا نظام الدین اصلاحی صاحب نے ایرا میڈکل کالج لکھنؤ میں آج مورخہ 25 ستمبر 2022 بروز اتوار صبح آخری سانس لی ۔ تقریباً نوے سال سے زیادہ حیات پائی ۔ وہ مولانا ابواللیث اصلاحی ندوی کے چچازاد بھائی ، مولانا امین احسن اصلاحی و مولانا اختر احسن اصلاحی کے محبوب شاگرد تھے ۔ ابتداء شباب ہی میں جماعت کے رکن بنے اور مختلف ذمہ داریوں پر مامور رہے ۔ ناظم اضلاع و علاقہ گورکھپور ، امیر حلقہ مدھیہ پردیش و گجرات رہے ۔مجلس نمائندگان اور مرکزی مجلس شوریٰ کے رکن رہے ۔ جامعہ الفلاح کے صدر مدرس ، آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ اور اے ایم یو کورٹ کے ممبر ہونے کے علاوہ متعدد اداروں سے وابستہ رہے ۔مولانا جرات مندی اور بیباک قوت فیصلہ کے لئے یاد کئے جائیں گے ۔ مولانا کا علم پختہ تھا ۔ یادداشت آخر وقت تک مضبوط تھی ۔ وہ مدرسہ الاصلاح اور جماعت اسلامی ہند کی تاریخ کا ماخذ و مرجع تھے ۔ بہترین مقرر اور اعلیٰ درجہ کے خطیب تھے ۔ نہایت زیرک اور ہوش مند تھے ۔ بروقت اور برمحل فیصلہ لینے کی صلاحیت رکھتے تھے ۔ اللّٰہ تعالیٰ ان کی خدمات کو شرف قبولیت سے نوازے ، کوتاہیوں کو معاف کرے اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے آمین ڈاکٹر سکندر علی اصلاحی لکھنؤ

متعلقہ خبریں

Back to top button