این آر آئی

بہت جلد این آر آئی پالیسی کا اعلان کیا جائے گا: دبئی میں چیف منسٹر ریونت ریڈی کی این آر ایز سے ملاقات

جدہ _ 22 جنوری ( عرفان محمد ) تلنگانہ کے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے کہا ہے کہ جھوٹے وعدے کرتے ہوئے ہر کسی کو دھوکہ دینا سابق چیف منسٹر چندرشیکھرراو کی عادت ہے اور انہوں نے گلف این آر آئیز کو بھی این آر ایز پالیسی کے نام پر دھوکہ دیا۔

 

داوس میں منعقدہ ورلڈ اکنامک فورم کی کانفرنس میں شرکت کے بعد حیدرآباد روانہ ہونے سے قبل چیف منسٹر ریونت ریڈی نے  دبئی کچھ گھنٹے توقف کیا ۔ اس موقع پر انہوں نے دبئی میں  مقیم تارکین وطن کے ایک گروپ سے بات کی . کانگریس پارٹی کی دبئی شاخ کے صدر یسوی ریڈی کی قیادت میں  میں یہ  ملاقات ہوئی ۔ اس موقع پر این آر ایز سے خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر نے تنقید کی کہ کے سی آر جنہوں نے تلنگانہ تحریک کے دوران تارکین وطن کے لئے پالیسی تیار کرنے کا وعدہ کیا تھا لیکن  الگ ریاست کے قیام کے بعد خلیجی تارکین وطن کو بھلا دیا ۔ جبکہ تارکین وطن پالیسی کا بے صبری سے انتظار کررہے ہیں

ریونت ریڈی نے واضح کیا کہ ان کی  حکومت تارکین وطن کی بہبود کے لیے پابند عہد ہے اور اس سلسلے میں بہت جلد پالیسی کا اعلان کرے گی۔ این آر آئی پالیسی کے بارے میں وزیر ڈی سریدھربابو کی جانب سے  جدہ میں اعلان کردہ بیان کا چیف منسٹر ریونت ریڈی نے حوالہ دیا ۔

اس موقع پر یسوی ریڈی نے چیف منسٹر کی توجہ دہانی کرائی کہ خلیجی ممالک میں تارکین وطن کی  بڑی تعداد پر انحصار کرنے والے خاندان انتخابات میں اہم رول ادا کریں گے۔جس پر چیف منسٹر نے زور دیا کہ وہ کانگریس پارٹی کو مضبوط کریں ۔چیف منسٹر نے یسوی ریڈی کی دبئی کا دورہ کرنے کی درخواست کا مثبت جواب دیا اور کہا کہ وہ دبئی کے ساتھ ساتھ دیگر خلیجی ممالک کا بھی دورہ کریں گے۔

 

یسوی ریڈی کا تعلق کریم نگر ضلع کے چوپہ دنڈی  سے ہے اور وہ کانگریس پارٹی کی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں۔ گزشتہ دنوں انہوں نے دبئی کے دورے کے دوران راہول گاندھی سے خصوصی ملاقات کی تھی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button