تلنگانہ

تلنگانہ حکومت غریبوں کی فلاح و بہبود کیلئے پابند : رکن کونسل کویتا

 

حیدرآباد:10/ اگست (اُردو لیکس) رکن قانون ساز کونسل کے کویتا نے مرکزی بی جے پی حکومت کے رویہ پر تنقید کی جو کہ بینکوں کے ہزاروں، کروڑوں روپئے کے قرضہ حاصل کرنے والے تاجروں کو قرض معافی دے کر غریبوں کیلئے فلاحی اسکیموں کو روکنے کی سازش کررہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار رکن قانون ساز کونسل کلواکنٹلہ کویتا نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں اکثریت غریب عوام کی ہے اور غریب عوام کے بہتر مستقبل کے لئے لائحہ عمل تیار کرتے ہوئے ان کے لئے فلاحی اسکیمات نافذ کرنا یہ ہماری ذمہ داری ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ ہر دور میں چاہے وہ مرکزی حکومت ہو یا ریاستی حکومت غرباء کے لئے فلاحی اسکیمات نافذ کرتے آئے ہیں۔ لیکن آج پورے ملک میں مرکز کی بی جے پی حکومت ایک عجیب و غریب ماحول بنارہی ہے اور غریبوں کے لئے نافذ کردہ فلاحی اسکیمات کو مفت کا نام دے کر یہ چاہ رہی ہے کہ ان کو فری بی فراہم نہ کیا جائے۔ یعنی فلاحی اسکیمات بند کردئے جائیں۔دختر وزیراعلیٰ نے کہا کہ وہ سب سے پہلے مرکزی حکومت سے یہ اپیل کرتی ہیں کہ غریبوں کے لئے نافذ کردہ فلاحی اسکیمات کو مفت بھی نہ کہیں،کیوں کہ اس طرح سے ان کے بے حرمتی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ غریب افراد کی خدمت کرنا ہی ہمارافریضہ ہے۔ رکن کونسل کے کویتا نے کہاکہ مودی حکومت کی جانب سے دس لاکھ کروڑ کا جو قرض معاف کیا گیا وہ بھی فری ہے، جو بینکس کو لوٹ کر ملک سے فرار ہوگئے اور ان کے قرض کو معاف کردیا گیا وہ بھی مفت ہے۔ انہوں نے کہا کہ غریبوں کے علاج، ان کے بچوں کی تعلیم اور دیگر فلاحی اسکیمات مفت نہیں کہلائی جاتیں۔ یہ تمام چیزیں تو حکومت کی اہم ذمہ داریوں میں شامل ہیں۔ رکن کونسل نے کہا کہ غریبوں کی مدد کے لئے ریاستی حکومتوں کی جانب سے کی جارہی کوششوں کو مرکزی حکومت تائید و حمایت کرے۔ اگر مرکزی حکومت مدد نہیں کرنا چاہتی تو وہ کم از کم ریاستی حکومتوں کو اس معاملہ میں آزادی فراہم کرے جس طرح تلنگانہ میں رعیتو بندھو اسکیم، مفت تعلیم،صحت کے لئے بہتر اسکیمات کے علاوہ ایسی ہزاروں اسکیمات کے ذریعہ غریب عوام کو راحت پہنچانے کی کوشش کی جارہی ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت غریبوں کی فلاح و بہبود کے لئے پابند عہد ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت ملک بھر میں مفت کے نام سے ایک نئی فضاء پیدا کرتے ہوئے ان تمام اسکیمات کو بند کرنے کی کوشش کررہی ہے جو بالکل درست نہیں ہے۔ رکن کونسل کویتا نے کہا کہ اگر فلاحی اسکیمات ملک میں نہیں رہیں گی تو غریبوں کے لئے کافی مشکلات پیدا ہوں گی۔ انہوں نے ملک کے ہر فرد سے مرکز کی بی جے پی حکومت کی غلط پالیسیوں اور فلاحی اسکیمات کو روکنے کی سازشوں کے خلاف آواز بلند کرنے کی اپیل کی۔انہوں نے کہا کہ مفت کا مطلب یہ ہے لوگ غربت سے باہر نکلے اور حکومت غریب لوگوں کی مدد کریں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی دیگر ریاستیں تلنگانہ حکومت کی اسکیمات کو روبہ عمل لارہی ہے۔ انہوں نے ملک کے دانشوروں سے اپیل کی کہ وہ بی جے پی حکومت کیخلاف آواز بلند کریں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button