اسپشل اسٹوری

چاند 24 مارچ کو خانہ کعبہ کے عین اوپر ہوگا

نئی دہلی21 مارچ (اردولیکس) ماہرین فلکیات کے مطابق آئندہ چہارشنبہ 24 مارچ کو چاند عین خانہ کعبہ کے اوپررہے گا اور اس منظر کوسادہ آنکھ سے بھی دیکھا جاسکے گا۔ اس دن چاند مکہ مکرمہ کے افق پر دن 2 بج کر 18 منٹ پر آئے گا اور رات کو 9 بج کر 10 منٹ پر چاند عین خانہ کعبہ کے اوپر ہوگا۔ اس وقت چاند کی اونچائی 89 اعشاریہ 9 درجے ہوگی اور چاند کا روشن حصہ 79 اعشاریہ 9 فی صد ہوگا۔ یاد رہے کہ چاند کا خانہ کعبہ کے اوپر آنے کا یہ ایک سال میں دوسرا موقع ہوگا۔ سعودی عرب کے ماہر فلکیات اور جدہ میں فلکیاتی ایسوسی ایشن کے سربراہ انجینیر ماجد ابو زاھرہ نے العربیہ ڈاٹ نیٹ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ چاند کے خانہ کعبہ کے عین اوپر آنے کا منظر اس وقت ظاہر ہوگا جب چاند مکہ معظمہ کی طرف جھکے گا۔ وہ چاند کے زوال کا درمیانہ لمحہ ہوگا۔ دوسرے فلکیاتی مظاہر کی نسبت چاند اس وقت تیزی کے ساتھ حرکت کرتا اور اس کا رنگ تیزی سے بدلتا ہے۔ چوبیس گھنٹے میں چاند اوسطا چھ درجے کے حساب سے جھکتا ہے۔ سال میں چاند 12 بار اپنا چکر لگاتا ہے مگر خانہ کعبہ کے عین اوپر آنے کا منظر کم ہی ہوتا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button