انٹر نیشنل

“ریاض اکنامک فورم 10” کا افتتاح اقتصادی مسائل پر مباحثے ہوں گے۔

ریاض ۔ کے این واصف

خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی نیابت کرتے ہوئے گورنر ریاض شہزادہ فیصل بن بندر بن عبدالعزیز آج “ریاض اکنامک فورم 10” کا افتتاح کیا۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق ریاض اکنامک فورم تین روز تک جاری رہے گا، جس میں سرکاری عہدیدار، اقتصادی ماہرین و سکالر اور سرمایہ کار شرکت کریں گے۔
ریاض ایوان صنعت و تجارت کے چیئرمین عجلان بن عبدالعزیز العجلان نے کہا ہے کہ فورم میں درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے قومی معیشت کے ڈھانچے کی تنظیم نو، قومی معیشت کی بنیادوں کے استحکام کی حکمت عملی اور ترقیاتی و اقتصادی مسائل پر مباحثے ہوں گے۔
عجلان بن عبدالعزیز العجلان کے مطابق شاہ سلمان کی سرپرستی کی بدولت فورم کا معیار بلند اور اس کے منتظمین کے حوصلے مضبوط ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ ریاض فورم قومی معیشت کی بہتری کے لیے اہم سفارشات پیش کرتا رہا ہے۔ اس کا زور بنیادی ڈھانچے کے فروغ اور قومی افرادی قوت کے ارتقا پر ہے۔ فورم کے شرکا قدرتی وسائل سے بھرپور استفادے کا جائزہ لیتے رہے ہیں۔
ریاض اکنامک فورم کے چیئرمین ڈاکٹر خالد الراجحی نے بتایا کہ فورم کے 10 ویں ایڈیشن میں چار بنیادی مطالعات زیر بحث آئیں گے۔ مملکت کے تمام علاقوں کو ریلوے لائن سے جوڑنا، سیاحت اور لاجسٹک خدمات کے فروغ میں اس کے اثرات، فیس، ٹیکس اور زکوۃ کے ضوابط کے اجرا میں متعلقہ اداروں کی یکجہتی کا جائزہ، آزاد کاروبار کے حوالے سے چیلنجوں کا جائزہ، نئی سرمایہ کاریوں کا جائزہ، ڈیجیٹل تبدیلی اور نالج اکنامی کا جائزہ پیش کیا جائے گا۔
ڈاکٹر خالد الراجحی نے کہا کہ فورم گزشتہ برسوں کے دوران 49 عمیق جائزے پیش کر کے 308 سفارشات اور انیشیٹو جاری کئے گئے تھے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button