مبارکباد

 طارق انصاری کو باوقار عہدہ پر نامزد کرنے پر سید نجیب علی ایڈوکیٹ کی قیام گاہ پر معززین نظام آباد شہر کی جانب سے تہنیت، مقررین کا اظہار خیال 

ظلم ونا انصافی کیخلاف انصاف کے علمبردار کی حیثیت سے طارق انصاری چیرمین اقلیتی کمیشن

ملی جذبہ سے سرشار مفوضہ عہدے کی ذمہ دار وں کو پورا کریں گئے

 نوجوان کو باوقار عہدہ پر نامزد کرنے پر سید نجیب علی ایڈوکیٹ کی قیام گاہ پر معززین شہر کی جانب سے تہنیت، مقررین کا اظہار خیال 

 

نظام آباد:11/ مارچ (اردو لیکس) اقلیتی کمیشن کے چیرمین کے باوقار عہدہ پر نامزد کئے جانے پر معززین شہر نے تہنیت پیش کرتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ ملی جذبہ سے سرشار نوجوان طارق انصاری ظلم و انصافی کے خلاف انصاف کے علمبردار کی حیثیت سے اپنے مفوضہ عہدے کی ذمہ داریوں کو پورا کریں گے۔ سید نجیب علی ایڈوکیٹ کی قیام گاہ پر طارق انصاری کو زبردست تہنیت پیش کی۔ اس موقع پر مختلف سماجی، ملی، تنظیموں کے نمائندوں نے اظہار خیال کرتے ہوئے نوجوان حرکیاتی قائد اور تحریک تلنگانہ سے حصہ لینے والے قائد کو دیر ہی سے سہی لیکن موزوں اور باوقار عہدہ پر نامزد کئے جانے کو نظام آباد ضلع کیلئے ایک اعزاز قرار دیا۔

 

سید نجیب علی ایڈوکیٹ نے کہا کہ طارق انصاری ملی جمعیت اور جذبہ سے سرشار اور ملی مسائل کا ادراک اور مسائل کاشعور رکھتے ہیں وہ بے باک نوجوان کی حیثیت سے ظلم ونا انصافی کیخلاف اپنے عہدہ کا بھر پور استعمال کرتے ہوئے اس عہدہ سے انصاف کریں گے اور صحیح معنوں میں ہماری ترجمانی کریں گے۔ وہ اس عہدہ کیلئے نہایت موزوں اور مستحق فرد تھے وہ چاپلوسی کے برعکس ہمیشہ اقدار کو ملوظ رکھتے ہوئے نہایت سنجیدگی کے ساتھ پارٹی میں وفاداری کے ساتھ خدمات انجام دیں جس کا انہیں یہ ثمر حاصل ہوا ہے

 

۔ آج ضرورت اس بات کی ہے کہ ایسے نوجوان حرکیاتی قائدین کی پذیرائی کی جائے اس موقع پر انہوں نے طارق انصاری کے مرحوم والد جناب اختر محی الدین انصاری ایڈوکیٹ کی دیرینہ خدمات اور ان کی ملی مسائل میں دلچسپی کا بھی تذکرہ کیا اور کہا کہ وہ ہمیشہ ملت کے مسائل میں پیش پیش رہا کرتے تھے اور ان کے فرزند میں بھی وہی چھاپ اور عکس پایاجاتا ہے وہ اپنے والد کے حقیقی وارث کی حیثیت سے دستوری لحاظ سے اس باوقار عہدہ سے انصاف کریں گے۔ مرزا افضل بیگ تیجان صدر دائے اُردو سوسائٹی و سکریٹری سینئر سٹیزن ویلفیر سوسائٹی نے کہا کہ یہ ہم سب کیلئے ایک مسرت کا موقع ہے کہ نظام آباد ضلع کے نوجوان طارق انصاری کو اقلیتی کمیشن کے عہدہ پر نامزد کیا گیا یہ ہم سب کیلئے اعزاز ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ وہ ہماری موزوں ترجمانی کریں گے اور مسائل کو حل کریں گے۔

 

محمد وجہہ اللہ ناظم جمعیت اہلحدیث نے کہا کہ طارق انصاری ایک نمائندہ شخصیت کی حیثیت رکھتے ہیں انہوں نے تحریک تلنگانہ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور تلنگانہ کے قیام کو یقینی بنانے بھر پور جدوجہد کی اور قیادت کے شانہ بہ شانہ تحریک کو آگے بڑھایا ان کی خدمات کے پیش نظر انہیں اس اہم عہدہ پر نامزد کیا گیا جو اہلیان نظام آباد کیلئے ایک اعزاز ہے۔ مولانا کریم الدین کمال صدر ملت ویلفیر سوسائٹی نے کہا کہ طارق انصاری اپنے والد مرحوم کی طرح ہر مسئلہ میں آگے آتے ہوئے ملی مسائل میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے رہے ہیں اور ایک عرصہ دراز کے بعد نظام آباد ضلع کو یہ اعزاز حاصل ہوا ہے کہ اقلیتی کمیشن کے عہدہ پر ان کی صلاحیت کے لحاظ سے عہدہ دیا گیا ہے انہوں نے چیف منسٹر سے اظہار تشکر کیا۔

 

 

اس موقع پر سمیر احمد قائد بی آرایس نے اپنی تقریر میں کہا کہ طارق انصاری ہم سب کے ہر دلعزیز قائد ہیں انہوں نے چیف منسٹر کے سی آر، کے ٹی آرسے اظہار تشکر کیا۔ جنہوں نے ایک بڑے عہدہ پر طارق انصاری کو نامزد کیا۔ اس موقع پر عبدالقیوم صدر فنکشن ہال اونرس اسوسی ایشن، نثار احمد کلاسک، جنید احمد ایڈوکیٹ، محمد افتخار این آر آئی، عبدالرحیم، محمد مختار احمد، عبدالحلیم قمر، عبدالرفیق قریشی، ڈاکٹر محمد اختر نوڈا ڈائریکٹر، محمد عبدالرافیع صمد، محمد فیاض الدین اسلم خان سینئر سٹیزن،مجاہد علی ببو، سعید حمدان و دیگر موجود تھے۔

 

اس موقع پر طارق انصاری کی بکثرت گلپوشی و شالپوشی کی گئی۔ طارق انصاری نو نامزد چیرمین نے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ عہدہ اور مفوضہ ذمہ داریوں کو پورا کرنے میں کوئی کسر اٹھانہ رکھیں گے اور ہمیشہ مسائل کی یکسوئی کیلئے دستیاب رہیں گے۔ انہیں تہنیت پیش کئے جانے اور ان سے رکھی گئی تمام توقعات کو پورا کریں گے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button