جنرل نیوز

حیدرآبادمیں شب برات کے اجتماعات نہیں ہوسکے۔مولاناجعفر پاشاہ کا آن لائن خطاب


حیدرآباد _29 مارچ ( اردولیکس) تلنگانہ میں کورونا وائرس کے اصولوں پر عمل کرتے ہوئے  شب برأت نہایت ہی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی۔ ریاستی حکومت نے ریاست میں اس وبا کے بڑھتے ہوئے معاملات کے پیش نظر مذہبی مواقعوں کے مناسبت سے عوامی اجتماعات،ریلیوں،جلسوں اور دوسرے اجتماعات پرپابندی لگادی تھی جس کی وجہ سے بڑی مساجد اور اہم مقامات جیسے خلوت گراونڈ، قلی قطب شاہ اسٹیڈیم،جامع مسجد چوک میں شب برات کی مناسبت سے ہر سال ہونے والے اجتماعات نہیں ہوئے۔ فرزندان توحید نے نوافل،ذکر ودرود کا گھروں میں ہی اہتمام کیا۔ بارگاہ ایزدی میں سربسجود ہوکر وسعت رزق‘ صحت و سلامتی اور مغفرت کی دعائیں طلب کی گئیں۔ لوگ رات بھر اپنے گھروں میں ہی شب خوانی، ذکر واذکار، قرآن خوانی، درودو سلام، نمازوں کی ادائیگی میں مصروف رہے۔ریاست کے دارالحکومت حیدرآباد میں شب برات کی وجہ سے تمام فلائی اوورس بند کردیئے گئے تھے لیکن گرین لینڈس اور پی وی این آر ایکسرپس وے اور لنگرحوض جیسے فلائی اوورس کو کھلارکھاگیا تھا۔گذشتہ برسوں کے برخلاف کسی بھی قسم کے اجتماعات دیکھنے میں نہیں آئے تاہم لوگوں نے قبرستانوں میں اپنی عزیزوں کی قبور کی زیارت کا اہتمام کیا۔ قبور کی زیارت کرنے والوں کی سہولت کیلئے قبرستانوں میں روشنیوں کا انتظام کیا گیا تھا۔ایوان فاضل وعاقل حسامیہ منزل پنجہ شاہ حیدرآبادمیں آن لائن جلسہ شب برات سے خطاب کرتے ہوئے مولانا حسام الدین ثانی عاقل جعفر پاشاہ امیر امارات ملت اسلامیہ و رکن مسلم پرسنل لابورڈ نے فضیلت شب برأت پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے امت مسلمہ کے مسائل اور دین سے دوری کے سبب ہورہی ناکامیوں کا احاطہ کرتے ہوئے اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھام لینے کی تلقین کی۔ انہوں نے دین سے دوری، اسلامی شعائر اور دین کی بنیادی تعلیمات سے ناواقفیت، بے راہ روی کے بڑھتے ہوئے منفی رحجانات، گھریلو تشدد، منشیات کی وبا اور دین کی آڑ میں بے دینی کو فروغ دینے کی منظم کوششوں پر فکر و تشویش کا اظہار کرتے معاشرہ کی ہمہ جہت اصلاح کیلئے والدین، اساتذہ،معزز شہریوں اور سماج کے باشعور افراد سے تعاون طلب کیاتاکہ ہماری نئی نسل کا دینی اورتعلیمی مستقبل روشن اور درخشاں ہو اور ایک اسلامی و فلاحی معاشرہ وجود میں آسکے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button