نیشنل

اترپردیش کے شاملی میں مسجد کا پلر گرنے سے دو کمسن جاں بحق

شاملی۔ 29؍مارچ: (ایس۔ چودھری) اترپردیش کے شاملی میں شب برات کی عبادت کے دوران اندوہناک حادثہ رونما ہوگیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق مسجد میں عبادت کررہے کچھ بچوں پر اچانک مسجد کا پلر گرپڑا جس کی زد میں آکر دو بچے جاں بحق ہوگئے۔جبکہ ایک سنگین حالات میں زحمی ہے جسے اسپتال میں داخل کرایاگیا جہاں سے اسے ہائر سینٹر ریفر کردیاگیا ۔ حادثے کے بعد موقع پر پہنچی پولس نے معاملے کی جانکاری لی۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق اتوار کی شب عشاء کی نماز کے بعد شہر کوتوالی علاقہ کے محلہ مومن نگر میںقائم مدینہ مسجد میں شب برات کے موقع پر مسلمان عبادت کررہے تھے، مسجد میں محلے کے کافی لوگ بھی موجود تھے اسی دوران اچانک مسجد کا ایک ستون گر پڑا جس کی زد میں محلے کے تین بچے آگئے، حادثے کے بعد موقع پر چیخ وپکار مچ گئی، اس دوران لوگوں نے بچوں کو ستون کے نیچے سے نکالا اور انہیں اسپتال لے کر روانہ لیکن ان میں سے ۱۲ سالہ ہارون ولد خورشید، مشارب ولد مطلوب (۱۲) کی موت واقع ہوگئی جبکہ ثمر ولد کلیم (۱۰) کو سنگین حالت میں ہائر سینٹر روانہ کردیاگیا۔ دیر رات حادثے کی اطلاع ملتے ہی موقع پر پولس پہنچی اور تحقیقات میں مصروف ہوگئی وہیں حادثے کے بعد معصوم بچوں کے اہل خانہ میں کہرام مچ گیا، بچوں کے گھر والوں کا رو رو کر برا حال تھا جہاں بڑی تعداد میں لوگ انہیں ڈھارس بندھا رہے تھے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button