عادل آباد میں گستاخ رسول کے خلاف پولیس اسٹیشن میں ایک اور شکایت

عادل آباد _ 7 اپریل ( اردولیکس)تنظیم الائمہ والموذنین عادل آباد کی جانب سے حافظ منظور احمد کی قیادت میں مولانا محمد اکبرالدین حسامی،مفتی انصار بیگ رشیدی،مولانا الیاس حسن،مولانا سید مبشر احمد رشیدی،حافظ شافی،حافظ کاظم پاشاہ،مفتی سہیل ممتاز،حافظ ایوب،حافظ عرفان،حافظ الیاس،خضر احمد یافعی،حافظ عبدالعزیز،مفتی مصطفیٰ مظاہری پر مشتمل ایک وفد نے ون ٹاؤن پولیس اسٹیشن پہنچ کر سی آئی راما کرشنا سے ملاقات کرتے ہوئے ملعون سوامی نرسنگھانند کے خلاف شکایت درج کروائی۔اور سخت کاروائی کا مطالبہ کیا۔بعد ازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مولانا محمد اکبرالدین حسامی نے کہا کہ مسلمان سب کچھ برداشت کرسکتا ہے لیکن نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی شان اقدس میں گستاخی کو بلکل بھی برداشت نہیں کر سکتا۔انہوں نے کہا کہ ملعون نرسنگھانند نے حالیہ دنوں پریس کونسل آف انڈیا سے بات کرتے ہوئے حضور کی شان اقدس میں گستاخانہ الفاظ کا استعمال کرتے ہوئے مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کیا ہے۔اور ملک کے پر امن ماحول کو خراب کرنے کی کوشش کی ہے۔مولانا نے مرکزی و ریاستی حکومت اور محکمہ پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ نرسنگھانند جیسے شرپسند عناصر پر سخت کاروائی کرتے ہوئے ملک کی سالمیت کو برقرار رکھا جائے۔