ملک بھر میں لاک ڈاؤن نافذ کرنے کے بارے میں وزیراعظم نے دی یہ رائے

نئی دہلی _8 اپریل ( اردولیکس) وزیر اعظم نریندر مودی نے ملک میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کا جائزہ لینے کے لئے چیف منسٹرس کے ساتھ منعقدہ ویڈیو کانفرنس کے دوران کئی اہم ریمارکس کئے ۔ مودی نے واضح کیا  کہ ملک بھر میں لاک ڈاؤن نافذ کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال ایک چیلنج بنتی جارہی ہے  انہوں نے چیف منسٹرس سے کہا کہ وہ کوروناوائرس  سے لڑنے کے بارے میں مشورے دیں۔ ‘ہم سب کو اس دوسری لہر کا مقابلہ کرنا ہے۔ کئی ریاستیں ، جیسے مہاراشٹر ، گجرات ، چھتیس گڑھ اور پنجاب میں روزانہ کیسس پچھلی لہر سے زیادہ درج ہورہے ہیں ۔ یہ بہت پریشان کن بات  ہے۔ لوگ لاپرواہ ہوچکے ہیں۔ حکومتوں کی تساہلی میں بھی  اضافہ ہوا ہے۔ کورونا سے لڑنے کے لئے جنگی بنیادوں پر انتظامات کرنے چاہیے ۔ انہوں نے چیف منسٹرس سے کہا کہ بڑے پیمانے پر کورونا ٹیسٹ کروائے جائیں اور کورونا  کیسوں  کی تعداد میں اضافہ ہوا تو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ یہ بھی تجویز پیش کی کہ کورونا ٹیکوں کو ضائع نہ ہونے دیں ۔ مودی نے کہا کہ کورونا ویکسین لینے کے بعد بھی  عوام کوویڈ قوانین کی سختی سے پابندی کریں۔