رمضان پرمٹ کے بغیرعمرہ کیلئے جانے والوں کو دس ہزار ریال جرمانہ

نئی دہلی _9 اپریل ( اردولیکس) سعودی وزارت داخلہ نے انتباہ دیا ہے کہ عمرہ کے لیے اجازت نامے کے بغیر حرم شریف جانے والے افراد کو دس ہزار ریال جرمانہ عائد کیا جائے گا- وزارت داخلہ کے عہدیدار نے جمعرات کو جاری کردہ ایک بیان میں کہا ہے کہ المسجد الحرام، اس کے صحن، مطاف اور صفا ومروہ کے درمیان سعی سمیت تمام مقامات پر کرونا وبا کو پھیلنے سے روکنے کے اقدامات کے طورپر ہجوم کنٹرول کرنے کی خاطر لگائی گئی پابندیوں کو مؤثر بنانے کے لیے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ واضح کیا گیا ہے کہ اگر کوئی شخص رمضان المبارک کے دوران اجازت نامہ حاصل کیے بغیر عمرہ کرنے کے لیے جائے گا تو اسے دس ہزار ریال جرمانہ ادا کرنا ہو گا جبکہ المسجد الحرام میں اجازت نامے کے بغیر داخل ہونے کی کوشش کرنے پر ایک ہزار ریال جرمانہ کیا جائے گا۔ وزارت داخلہ نے سعودی اور غیر ملکیوں شہریوں سے پر زور اپیل کی ہے کہ جو لوگ عمرہ کرنا چاہتے ہوں یا نماز کے لیے المسجد الحرام جانے کے خواہش مند ہوں وہ قبل ازوقت اجازت نامہ ضرور حاصل کر لیں-