امریکہ میں مہاراشٹر کے جوڑے کی مشتبہ حالت میں موت

حیدرآباد _9 اپریل ( اردولیکس) امریکہ میں ایک ہندوستانی جوڑے کی مشتبہ حالت میں موت ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق مہاراشٹر کے بیڑ ضلع سے تعلق رکھنے والے بالاجی بھارت کی شادی 2014 میں آرتی کے ساتھ  ہوئی تھی۔  2015 میں وہ ملازمت کیلئے امریکہ چلے گئے۔ اور یہ جوڑا نیو جرسی کے ارلنگٹن میں واقع ایک اپارٹمنٹ میں رہتا تھا  ۔ بالاجی امریکہ کی ایک مشہور ہندوستانی آئی ٹی کمپنی میں آئی ٹی انجینیر کی حیثیت سے کام کر رہا تھا، اس کی اہلیہ گھریلو خاتون تھیں۔ جوڑے کو چار سالہ بیٹی ہے اور آرتی اس وقت سات ماہ کی حاملہ بھی بتائی گئی ہے۔ جمعرات کی صبح  بالاجی کی بیٹی گھر کی بالکونی میں تنہا کھڑی    رو رہی تھی۔ مقامی لوگوں نے  اس کی اطلاع دی پولیس کو دی ۔ پولیس دروازہ توڑ کر گھر میں داخل ہوئی جہاں ایک کمرے میں شوہر اور بیوی دونوں  خون میں لت پت پائے گئے ۔ پولیس نے واقعہ پر مشتبہ موت کا مقدمہ درج کرلیا ہے کیونکہ دونوں شوہر اور بیوی کے جسم  پر چاقو کے شدید زخم تھے۔ تاہم ، امریکی میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ بالاجی نے اپنی بیوی  کو چاقو سے حملہ کرنے کے بعد  خودکشی کرلی۔ پولیس نے نعشوں کو پوسٹمارٹم کے لئے ہاسپٹل منتقل کیا ۔ مہاراشٹر میں مقیم جوڑے کے خاندان کے افراد کو پولیس نے ان دونوں کی موت کے بارے میں اطلاع دی ۔ اس جوڑے کی چار سالہ بچی اس وقت نیو جرسی میں بالاجی کے دوستوں کی دیکھ بھال میں ہے۔