خانگی اسکولوں کے اساتذہ کو جاریہ ماہ سے ہی دی جائے گی امداد

حیدرآباد _9 اپریل ( اردولیکس) تلنگانہ میں خانگی اسکولوں کے اساتذہ اور عملہ کو ماہانہ دو ہزار روپے کی امداد اور 25 کلو چاول کی تقسیم پر حکومت کو 42 کروڑ روپے کے مصارف عائد ہوں گے۔گذشتہ روز چیف منسٹر چندرشیکھرراو نے کورونا وائرس کی وبا سے پریشان حال خانگی اسکولوں کے اساتذہ اور عملہ کو ماہانہ 2 ہزار روپے اور 25 کلو چاول دینے کا اعلان کیا تھا آج وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی، وزیر سیول سپلائز جی کملاکر نے محکمہ فینانس اور تعلیم کے عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا اور اساتذہ کو مالی امداد فراہم کرنے کے قواعد کو تیار کیا۔عہدیداروں کے مطابق خانگی اسکولوں کے اساتذہ کو مدد کرنے کے لئے ہر ماہ 42 کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔اور جاریہ ماہ سے ہی اساتذہ کو مدد کی جائے گی۔